بھارتی سیکیورٹی اداروں نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف چارج شیٹ جمع کرا دی

بھارتی سیکیورٹی اداروں نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف چارج ...
بھارتی سیکیورٹی اداروں نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف چارج شیٹ جمع کرا دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)مقبوضہ کشمیر کی ممتاز آزادی پسند رہنما اور دختران ملت کی اسیر سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو ساتھیوں کے خلاف بھارتی سیکیورٹی اداروں  نے عدالت میں چارج شیٹ داخل کرا دی ہے۔

بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ تین دہائیوں سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل اور دختران ملت کی اسیر سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو ساتھیوں صوفی فہمیدہ اور ناہیدہ نسرین کے خلاف نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے سوشل میڈیا اور دیگر انٹر نیٹ فورمز کے ذریعے ہندوستان کے خلاف کشمیریوں کو  بغاوت پر اکسانے اوربھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے جیسے الزامات پر مبنی چارج شیٹ جمع کرا دی ہے ۔نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے اپنی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی ،صوفی فہمیدہ اور ناہیدہ نسرین نے  فیس بک ، یو ٹیوب اور پاکستان سمیت کچھ ٹی وی چینلوں جیسے مختلف پلیٹ فارموں کا استعمال کرکے کشمیری عوام کو ہندوستان کے خلاف بغاوت بھڑکانے ، نفرت بھرے پیغامات پھیلانے اور اشتعال انگیز  تقریریں کر کے لوگوں کو اکسایا کہ بھارت کے خلاف جنگ چھیڑ دی جائے ۔واضح رہے کہ آسیہ اندرابی مقبوضہ کشمیر کی ایک ممتاز حریت پسند خاتون سیاسی رہنماء اور کشمیر ی علیحدگی پسند ہیں، وہ مقبوضہ کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی حامی اور  زندگی کا کافی حصہ بھارتی جیلوں میں گزار چکی ہیں۔آسیہ اندرابی کشمیری خواتین کی سب سے بڑی تنظیم ’’دختران ملت‘‘ کی بانی ہیں۔یاد رہے کہ  دختران ملت کشمیر کی بھارت سے علیحدگی کے لیے کام کرنے والی آل پارٹیز حریت کانفرنس کا حصہ ہے،جسکا بنیادی مقصد کشمیر کی بھارت سے علیحدگی ہے۔ آسیہ اندرابی کشمیر علیحدگی پسند خواتین میں سب سے اہم ہیں۔ آسیہ اندرابی کو مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت بھارت میں بھی ’’  آئرن لیڈی‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے ۔یاد رہے کہ آسیہ اندرابی گذشتہ 2 سال سے دہلی کی بدنام زمانہ ’’تہاڑ جیل ‘‘ میں قید ہیں جبکہ ان کے شوہر بھی گذشتہ 26 سال سے بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ۔