مسلم لیگ ن کے 11ارکان اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کیلئے رابطہ کیا :ہارون الرشید کا دعویٰ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار ہارون الرشید نے دعویٰ کیاہے کہ مسلم لیگ ن کے 11ارکان اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کیلئے رابطہ کیا ، دونوں اطراف سے کچھ لوگ بے قابو ہورہے ہیں ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ ایک ایسے ایشو پر جس پر لوگوں کے دل دکھی ہیں ، اس پر دفترخارجہ کی جانب سے غلط بیانی نہیں کی جاتی ، انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کے بابو حکومت کے خلاف کس طرح جاسکتے ہیں۔ عمران خان کا دعویٰ نہیں بلکہ خواہش تھی کہ ڈاکٹر عافیہ کو واپس لیکر آئیں گے ، اس طرح کی چیزوں میں اصل چیز پیروی کرنے کی ہوتی ہے ۔ اس وقت حکومت اور اپوزیشن پارلیمان کا احترام نہیں کررہے ہیں اور حکومت کی خارجہ پالیسی واضح نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا چائنہ کا دورہ ناکام نہیں ہوا بلکہ بہت کامیاب دورہ ہے ، اصل بات یہ ہے کہ پہلی حکومتوں کچھ نہیں کرتی تھیں لیکن ظاہر کرتی تھیں کہ ہم نے بہت کچھ کیا اور اس کے برعکس تحریک انصا ف کی حکومت کو ہنڈلنگ نہیں آتی، یہ کام کریں بھی تو اس کااظہار نہیں کر سکتے کہ ہم نے یہ کام کیاہے ، حکومت کے پاس کام کم اور خوش فہمی زیادہ ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے پا س ایک آدمی آیا جس نے مجھے کہا کہ ن لیگ کے گیارہ ارکان پارٹی چھوڑنا چاہتے ہیں لیکن یہ بات دونوں طرف ہے کہ کچھ لوگ بے قابو ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت نہیں جاسکتی کیونکہ آرمی چیف آن بورڈ نہیں ہیں۔