رمیش کمار نے 10کروڑ روپے میں ٹکٹ خریدا :نبیل گبول کا الزام
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہاہے کہ رمیش کمار نے 10کروڑ روپے میں ٹکٹ خریدا ، تحریک انصاف کے وزراءشکل سے وزیر نہیں لگتے ، یہ سیون اپ اور کوک پی کر وزیر بنے ہیں ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ حکومت کے سودن اب بالکل قریب آگئے ہیں اور اب جب عمران خان پریس کانفرنس کریں گے تو قوم کو کیا بتائیں گے؟ عمران خان نے ڈاکٹر عافیہ کو واپس لانے کا اعلان کیا تھا اور جبکہ اب ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ پریشان ہے کہ ہمارے ساتھ مذاق کیا گیا ، حکومت نے عافیہ کے معاملے پر مایوس کیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزراءشکل سے وزیر نہیں لگتے ، یہ وہ وزیر ہیں جو سیون اپ اور کوک پی پی کر وزیر بنے ہیں ، ایک وزیر پارلیمنٹ میں بیٹھ کر ایسی زبان استعمال کرتا ہے جیسی زبان دھرنے میں بھی استعمال نہیں ہوتی تھی ، کوئی ان کو بتائے کہ ڈیڑھ سال بعد سونامی ختم ہوجائے گا تو پھر یہ کدھر جائیں گے ۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ رمیش کمار نے دس کروڑ روپے دیکر ٹکٹ خریدا ہے ۔