ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران نے شہر میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا

  ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران نے شہر میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا

  



لاہور(جنرل رپورٹر)چیئرمین پبلک فیسیلیٹیشن کمیٹی ایل ڈبلیو ایم سی احمد طحہ کی جانب سے اندرون لاہور میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ احمد طحہ نے اعظم مارکیٹ،شاہ عالم مارکیٹ، پاکستان کلاتھ مارکیٹ، کشمیری بازار، رنگ محل، پانی والا تالاب اور دہلی دروازہ کا دورہ کیااس موقع پر راہنما تحریک انصاف چئیر مین اعظم کلاتھ مارکیٹ ملک زمان،جی ایم آپریشنز سہیل انور ملک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس سلسلے میں ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز احمد طحہ کا کہنا تھا کہ اندرون شہر کے تمام علاقوں پر صفائی کے حوالے سے خصوصی توجہ دی جائے گی، تنگ گلیوں اور بازاروں کی صفائی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین نظریے پر عمل پیراں ہیں او رشہری صفائی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور کچرا کوڑے دان میں ڈالیں۔ جی ایم آپریشن کا کہنا تھا کہ ایل ڈبلیو ایم سی شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔

اور شہریوں کے تعاون کے بغیر شہر کی صفائی ممکن نہیں۔اس سلسلے میں ملک زمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر تمام ادارے لاہور شہر کی خوبصورت بنانے کے لئے متحرک ہیں۔اس موقع پر ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے رنگ محل چوک میں ایل ڈبلیو ایم سی نے آگاہی کیمپ بھی لگایااور دکانداروں اور رہائشیوں کو سوشل موبلائزرز کی جانب سے آگاہی دی گئی اورآگاہی واک کا اہتمام کیا گیاآگاہی واک کی قیادت ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چئیر مین پبلک سہولیاتی کمیٹی ایل ڈبلیو ایم سی احمد طحہ اور ملک زمان نے کی۔مزید براں سربراہ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ جمیل خاور کا کہنا تھا کہ شہری صفائی عملے سے تعاون کریں اور ذمہ دار شہری کے طور پر کوڑا کرکٹ قریبی کوڑے دان میں ڈالیں اور صفائی سے متعلق شکایات کے لئے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 اور موبائل ایپلیکیشن کلین لاہور کا استعمال کریں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4