مردان میں سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں مزید تیز

مردان میں سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں مزید تیز

  



مردان(بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد خان نے لینڈ مافیا، سُودی کاروبار، منشیات ڈیلروں خصوصا آئس کا کاروبار کرنیوالوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے اور سنگین مقدمات کی تفتیش کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں وہ ڈی پی او آفس کانفرنس ہال میں اپنے زیر صدارت امن و امان اور پولیس کی استدادکار کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کرائم اجلاس سے خطاب کررہے تھے اجلاس میں ایس پی آپریشن مشتاق احمدسمیت سرکل ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ڈی پی او سجاد خان نے اجلاس کے دوران سرکلز سطح پر کرائم چارٹ کا تقابلی جائزہ لیا انہوں نے پولیس افسران کولینڈ مافیا، سُودی کاروبار، منشیات ڈیلروں خصوصا آئس کا کاروبار کرنیوالوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کئے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ محکمہ پولیس میں ہونے والے اصلاحات کا ثمر عوام تک پہنچ کر ان کے جان و مال کی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر غفلت اور لا پرواہی کے مرتکب افسران/ اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی جبکہ اپنی فرائض منصبی جانفشانی اور احسن طریقے سے سرانجام دینے پر ان کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر