ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی، محمد محسن قومی ایمرجنگ ٹیم میں شامل

  ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی، محمد محسن قومی ایمرجنگ ٹیم میں شامل

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سوات سے تعلق رکھنے والے آلراؤنڈر محمد محسن کو قومی ایمرجنگ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے جارحانہ مزاج بلے بازمحمد محسن لیگ اسپن باؤلنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ نوجوان آلراؤنڈر نے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز 2011میں انڈر 19 کرکٹ سے کیا۔ 2013 میں سینئر انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے والے محمد محسن نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کا آغاز 2015 میں کیا۔ گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں پشاور ریجن کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد محسن نے 4 میچوں میں 33 کی اوسط سے 264 رنز بنائے۔ ایونٹ میں واحد سنچری اسکور کرنا نوجوان آلراؤنڈر کے مختصر کیرئیر کا یادگار لمحہ رہا۔ محمد محسن کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں اسلام آباد کے خلاف 140 رنز کی اننگز انہیں آج بھی یاد ہے۔ دوسری اننگز میں نوجوان کرکٹر کی سنچری کی بدولت پشاور نے میچ میں 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔13 ٹی ٹونٹی میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کرنے والے آلراؤنڈر محمد محسن نے گذشتہ ماہ فیصل آباد میں کھیلے جانے والے قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے 7 میچوں میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کی۔قومی ایمرجنگ ٹیم میں شمولیت پر نوجوان آلراؤنڈر کا کہنا ہیکہ گرین شرٹس زیب تن کرنا ان کا خواب تھا۔

وہ کرکٹ کو اپنا اوڑھنا بچھونا سمجھتے ہیں۔ انہوں نیکہا کہ وہ دنیا کے بہترین آلراؤنڈر بننے کے خواہشمند ہیں۔ محمد محسن نے کہا کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز اور انگلینڈ کے بین اسٹوکس ان کے آئیڈیل کرکٹرز ہیں۔بنگلہ دیش روانگی سے قبل قومی ایمرجنگ ٹیم نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقدہ 3 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کی۔ اس موقع پرنوجوان کرکٹر کا کہنا ہیکہ وہ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی نمائندگی کے لیے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ این سی اے کوچز کی زیرنگرانی تربیتی کیمپ میں انہیں اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع ملا، کوشش ہے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔محمد محسن کا کہنا ہیکہ وہ بچپن سے ہی کھیلوں کے شوقین تھے۔ وہ کرکٹ کے علاوہ اسکول اور کالج کی سطح پر اسکواش، بیڈمنٹن اور فٹبال کے مقابلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ وہ آج بھی3 گھنٹے پریکٹس اور جم ٹریننگ کے بعد اسکواش اور بیڈمنٹن کھیلنے کا شوق رکھتے ہیں۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہیکہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ پڑھائی بھی جاری رکھے ہوئے اور حال ہی میں انہوں نے کمپیوٹر سائنس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں محمدمحسن کیعلاوہ آلراؤنڈر حسن محسن بھی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی