بیروزگاری اور مہنگائی کا سونامی سب بہا لے جائیگا‘انجمن تاجران

بیروزگاری اور مہنگائی کا سونامی سب بہا لے جائیگا‘انجمن تاجران

  



لاہور(یواین پی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نئے کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی دعویدار حکومت پہلے سے چلنے والے کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹیں بھی دور کرے،دیگر شعبوں کی طرح تاجروں کی بھی معاونت کی جائے اور خصوصا کاروبار ی حالات پر چھائے مندی کے سائے دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شدید لہر سے عوام کی قوت خرید ختم ہو گئی ہے جس کے کاروبار کے حالات پربھی شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے جس طرح کے حالات پیدا ہو رہے ہیں وہ انتہائی خطرناک ہیں اور حکومت کو آنکھیں بند کرنے کی بجائے تدارک کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نئے کاروبار کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن جو لو گ پہلے کاروبار کر رہے ہیں ان کی مشکلات کون دور کرے گا۔ گھمبیر مسائل کی وجہ سے کاروبار کرنا محال ہو گیا ہے۔حکومت چھوٹی انڈسٹری کی طرح تاجروں کی بھی معاونت کرے اور انہیں بھی آسان شرائط پر قرض دئیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کاروبار ی حالات پر چھائے مندی کے گہرے ہوتے سائے دور کرنے کے لئے بھی سوچ بچار کی جائے۔ اگر مہنگائی اور بیروزگاری سے نہ نمٹا گیا تو ایسا سونامی آئے گا جو سب بہا لے جائے گا اس لئے حکومت سب اچھا کی رپورٹ دینے کی بجائے اس کے تدارک کے لئے اقدامات اٹھائے تاکہ ملک میں کاروبار کو عروج حاصل ہو سکے۔

مزید : کامرس