ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے بطور کمانڈر کراچی کمان سنبھال لی

      ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے بطور کمانڈر کراچی کمان سنبھال لی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی این ایس بہادر کراچی میں منعقدہ تبدیلی کمان کی پر وقار تقریب میں ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے کمانڈر کراچی کی کمان سنبھال لی ہے۔وائس ایڈمرل امجد خان نیازی نے کمان ریئر ایڈمرل زاہد الیاس کے سپرد کی۔ کمانڈر کراچی کی حیثیت سے وہ پاک بحریہ کی تمام تربیتی یونٹس کے سربراہ ہوں گے۔ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے 1988 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کاوسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں کمانڈنگ آفیسر پی این ایس بابر اور پی این ایس ذوالفقار اور کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی شامل ہیں۔ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے 18 ویں ڈسٹرائر اسکواڈرن کی کمان کرتے ہوئے یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلاء کے آپریشن کی نگرانی کی جس پر انہیں ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔انہیں مشترکہ ٹاسک فورس 151(CTF-151) کی کمان کا تجربہ بھی رہا۔ ان کی اہم اسٹاف تقرریوں میں پرنسپل سیکریٹری ٹو چیف آف دی نیول اسٹاف، ڈائریکٹر جنرل C41 اور نیول ہیڈ کوارٹرز اسلا م آباد میں ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن) شامل ہیں۔ کمانڈر کراچی کے فرائض منصبی سنبھالنے سے قبل وہ کمانڈر سینٹرل پنجاب اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہورکی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ریئر ایڈمرل زاہدالیاس پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے برطانیہ سے ملٹری ریسرچ میں ماسٹرز اور چین سے سینئر نیول کمانڈ کورس کی تعلیم حاصل کی۔ گراں قدر خدمات و شجاعت کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔ کمان سنبھالنے پر نئے کمانڈر کراچی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ما تحت یونٹس کے کمانڈنگ افسران سے ان کا تعارف کروایا گیا۔ تبدیلی کمان کی تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز، سیلرز اور بحریہ کے سولین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر