نابینا اورپنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ملازمین کا دھرناجاری

      نابینا اورپنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ملازمین کا دھرناجاری

  



لاہور(این این آئی)مال روڈ پر نا بیناافراد اورپنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دھرنا جاری ہے،نا بیناافراد نے مطالبات کے حق میں ایوا ن وزیر اعلیٰ کے سامنے مال روڈ پر مسلسل دسویں روزجبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین نے پنجاب اسمبلی کے سامنے تیسرے روزبھی دھرناجاری رکھا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ تفصیلات کے مطابق نا بینا افراد حکومت کی پیشکش کے باوجود اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں اور مسلسل دسویں روز بھی ایوان وزیراعلیٰ کے سامنے کلب چوک مال روڈ پر دھرناجاری رکھا۔ گزشتہ روز بھی نابیناافراد سے مذاکرات کئے گئے جو کامیاب نہ ہو سکے۔ مال روڈ کا ایک حصہ دونوں طرف سے بندہونے کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہا۔ دوسری جانب پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دھرنا تیسرے روز میں داخل ہو گیا۔ مظاہرین نے دوپہر کے وقت پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لئے بند رکھا۔

دھرنا جاری

مزید : صفحہ آخر