حکومتی شرائط برقرار ، نواز شریف کا پھر انکار ،زندگی ، موت اللہ کی امانت ہے حکمرانوں کے سامنے نہیں جھکوں گا : سابق وزیراعظم

حکومتی شرائط برقرار ، نواز شریف کا پھر انکار ،زندگی ، موت اللہ کی امانت ہے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)وفاقی حکومت نے نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کابینہ فیصلے کے مطابق نواز شریف یا شہباز شریف کو 7 ارب روپے کے انڈیمنٹی بانڈ جمع کرانا ہوں گے،وفاقی حکومت کسی بھی وقت اجازت نامہ جاری کردے گی، باقی ان کی مرضی ہے ،نواز شریف کی طبیعت اگر ٹھیک نہ ہو تو قیام میں توسیع کی درخواست دی جاسکتی ہے۔کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے وزری اعظم کے معاو ن خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کئی گھنٹوں کے غور و خوض کے بعد حکومت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ نواز شریف کی صحت کی خراب صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ نواز شریف کو ایک بار کیلئے یہ اجازت دے رہی ہے کہ وہ بیرون ملک جائیں اور علاج کرائیں۔فروغ نسیم نے کہا کہ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی اس بات سے مشروط ہے کہ نواز شریف یا شہباز شریف 7 یا ساڑھے 7 ارب روپے کے ضمانتی بانڈ جمع کرادیتے ہیں تو وہ باہر جاسکتے ہیں اور اس کا دورانیہ 4 ہفتے ہوگا جو قابل توسیع ہے۔وزیر قانون نے کہاکہ وزارت داخلہ کے پاس ایک درخواست موصول ہوئی تھی جس کے ساتھ نواز شریف کی صحت کے بارے میں شریف میڈیکل سٹی کی تفصیلی رپورٹ بھی موجود تھی۔انہوںنے کہاکہ موصول رپورٹ پر پنجاب حکومت کی تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ نے کراس چیک کرنے کے بعد ان کی رپورٹ سے اتفاق کیا اور مزید تفصیلات طلب کیں۔انہوں نے کہا کہ 11 نومبر کو وزارت داخلہ کے پاس تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی تھی اور اس ہی دن نوٹس جاری کیا گیا، 12 تاریخ کو کابینہ کو بریفنگ دی اور انہیں ساری تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر قانون نے کہاکہ کابینہ کمیٹی کو نواز شریف کے صحت کے معاملے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کے پلیٹلیٹس کی تعداد 25 سے 30 ہزار ہیں اور انہیں ایک بار اسٹروک بھی آچکا ہے۔فروغ نسیم نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹس دیکھنے کے بعد ہمیں اندازہ ہوا کہ نواز شریف کی صحت کو سنگین مسائل لاحق ہیں، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ معاملہ اتنا گمبھیر ہے۔انہوں نے کہا کہ جب یہ بات وفاقی کابینہ کے سامنے رکھی تو سب نے کہا کہ نواز شریف کو علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دیں لیکن جو بات واضح طور پر سامنے آئی وہ یہ تھی کہ یہ اجازت صرف ایک بار کیلئے ہوگی اور انہیں Indemnity Bond (تاوان شرائط نامہ) جمع کرانا ہوگا۔فروغ نسیم نے کہا کہ حکومت نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے، آرڈر تیار ہے جو کسی بھی وقت جاری کردیا جائےگا۔انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ اسے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے، ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جارہا بلکہ طبی بنیادوں پر صرف ایک بار کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔فروغ نسیم نے بتایا کہ یہ اجازت صرف ایک بار کیلئے ہی ہوگی، حکومت نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے، اجازت نامہ کسی بھی وقت جاری کردیا جائے گا اور اب یہ مسلم لیگ ن پر منحصر ہے کہ وہ اس معاملے کو کیسے آگے لے کر چل سکتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ ایک سزا یافتہ شخص کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ مختلف ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ انہیں صرف ایک بار کیلئے اجازت دی گئی ہے۔فروغ نسیم نے کہا کہ انڈیمنٹی بانڈ جمع کرانے پر ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ اس پر کارروائی آگے بڑھائیں گے۔فروغ نسیم نے کہا کہ چند روز سے یہ کہا جارہا ہے کہ حکومت کس قانون کے تحت ضمانتی بانڈ مانگ رہی ہے یہ حکومت کا دائرہ اختیار نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حکومت نے ضمانتی بانڈ نہیں مانگے بلکہ انڈیمنٹی بانڈ مانگ رہے ہیں اور یہ بانڈ 1987 کے قانون کے بعض سیکشنز کے تحت مانگے جارہے ہیں۔فروغ نسیم نے کہا کہ حکومت نے فی الحال 4 ہفتوں کی اجازت دی ہے لیکن اگر اللہ نہ کرے کہ ان کی صحت کی صورتحال مزید خراب ہوتی ہے تو ظاہر ہے کہ نواز شریف اس مدت میں توسیع کی درخواست دے سکتے ہیں۔وزیر قانون نے کہا کہ اگر نواز شریف کی طبیعت ٹھیک ہوجاتی ہے اور وہ چار ہفتوں میں واپس نہیں آتے تب انڈیمنٹی بانڈ نافذ العمل ہوگا اور اگر ان کی طبیعت بہتر نہیں ہوتی تو انڈیمنٹی بانڈ اس طرح نافذ العمل نہیں ہوگا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ نوازشریف کی صحت اچھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو علاج مکمل کرکے واپس آنا ہے، وزارت داخلہ کی جانب سے اجازت نامہ جاری کیا جائےگا، ہمیں یہ بھولنا نہیں چاہیے کہ میگاکرپشن کیس ہے جس میں انہیں سزا ہوچکی ہے، کچھ کیسزکی تحقیقات بھی چل رہی ہیں جن میں چوہدری شگر ملز کیس شامل ہے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ حکومت کی ذمےداری ہے کہ نوازشریف کی واپسی یقینی بنائے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ شریف میڈیکل سٹی اورسرکاری بورڈ کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا، وفاقی حکومتی کی ذمےداری بنتی ہے کہ ضمانت لے، وفاقی حکومت کی جانب سے ضمانت مانگنا سیاسی فائدے کے لیے نہیں، ہمیں احساس ہے کہ نواز شریف کی صحت اچھی نہیں ہے، ۔شہزاد اکبر نے کہا کہ ماضی میں کچھ لوگ گئے مگر واپس نہیں آئے، نوازشریف اور ان کی ٹیم کا صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ مانتے ہیں یا نہیں، اگریہ ڈیل ہوتی تو لوگ راتوں رات یہاں سے چلتے جاتے۔وفاقی کابینہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی مشروط منظوری دے چکی ہے اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی گزشتہ روز سے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر غور کررہی تھی۔ قبل ازیں کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نیب کوبدھ کی صبح 10 بجے تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی اور اس کے لیے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس صبح 10 بجے ہونا تھا تاہم کمیٹی کا اجلاس مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا جب کہ اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے سیکریٹری صحت پنجاب مومن آغا اور ڈاکٹر محمود ایاز کو واپس بھیج دیا گیا۔بعد ازاں کمیٹی کا اجلاس فروغ نسیم کی سربراہی میں چار گھنٹے کی تاخیر سے دوپہر 2 بجے شروع ہوا جو وزارت قانون کی بلڈنگ میں 5 بجے تک جاری رہابعد ازاں وزارت داخلہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نوازشریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت ہے۔نوازشریف تاریخ روانگی سے 4 ہفتے تک بیرون ملک قیام کرسکتے ہیں۔نوازشریف کی جانب سے فوری طور پر8 ملین برطانوی پاﺅنڈ، 25 ملین امریکی ڈالر کے برابر پاکستانی رقم جمع کرائی جائے،ڈیڑھ ارب پاکستانی روپے بھی جمع کرائے جائیں۔یہ زر ضمانت شہبازشریف کی جانب سے بھی جمع کرائی جاسکتی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نوازشریف کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت کے فیصلے سے امیگریشن سمیت تمام متعلقہ حکام کو آگاہ کردیاگیا
مشروط اجازت

لاہور (جنرل رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ ن نے قائد میاں محمد نواز شریف کے بیرون ملک علاج کی مشروط اجازت مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا حکومتی فیصلہ منظور نہیں ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا ہے جس میں اپنی نوعیت کے منفرد حکومتی فیصلے کے بعد کی حکمت عملی پر سینئر قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد شہباز شریف سہ پہر تین بجے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کا حکومتی فیصلہ عمران خان کے متعصبانہ رویے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے۔ ضمانت کے وقت تمام آئینی اور قانونی تقاضے کیے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے جا چکے ہیں۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنا ناقابلِ فہم حکومتی فیصلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے اوپر ایک حکومتی عدالت نہیں لگ سکتی۔ ایسے فیصلے کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ سکیورٹی بانڈ جمع کرانے کے حوالے سے ن لیگ اپنا واضح موقف پیش کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے علاج میں ہر لمحہ انتہائی قیمتی اور اسے تاخیری حربوں کی نظر کرنا بدترین ظلم اور زیادتی ہے۔ حکومت تاخیری حربوں کے ذریعے نواز شریف کی زندگی اور صحت کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔ انھیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار بے حس اور سنگ دل حکومت ہوگی۔دوسری طرف میاں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کرانے کے لئے ان کا نام ای سی ایل سے مشروط طور پر نکالنے کے فیصلے کیخلاف مسلم لیگ (ن) ہائیکورٹ سے رجوع کرے گی۔ میاں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے بتایاکہ وفاقی حکومت نے میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے غیر مشروط نہ نکالا تو ہائیکورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ امید ہے عدالت میاں نوازشریف کی شدید علالت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق ہمارے حق میں فیصلہ دے گی۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر شریف خاندان ضمانتی بانڈ نہ دینے کے فیصلے پر ڈٹ گیاہے ، اوراس حوالے سے میاں محمد نوازشریف نے کسی قسم کے ضمانتی بانڈز جمع کرانے سمیت ہر قسم کی حکومتی شرائط ماننے سے انکار کر دیا ہے اوراپنے فیصلے سے اپنے بھائی محمد شہباز شریف کو اگاہ بھی کر دیا ہے ڈاکٹرز کے مطابقمسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی صحت مزید گر گئی ہے اور ان کے جسم پر موجود دھبوں کا حجم بڑھنا شروع ہو گیا ہے اور قوت مدافعت میں بھی کمی واقع ہونا شروع ہو گئی ہے جس سے ان کے معالجین سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں انھوں نے اپنی تشویش سے میاں نواز شریف کی فیملی کو آگاہ کر دیا ہے تاہم اورڈاکٹرز پلیٹ لیٹس کے معاملے پر شدید تشویش کا شکار ہیں،اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے شریف فیملی کو نواز شریف کو چوبیس گھنٹوں میں بیرون ملک منتقل کرنے کا مشورہ بھی دےدیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سٹرائیڈز کی ڈوز کے باوجود نواز شریف کے پلیٹ لیٹس000 22کے قریب ہیں اور اس صورتحال میں ڈاکٹرز شدید پریشانی کا شکارہیں ۔ نواز شریف کے معالجین کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے جسم پر بننے والے دھبے اب اپنے حجم میں بڑھنا شروع ہو گئے ہیں ۔ دوسری جانب نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول بھی مقررہ حد سے زیادہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی نواز شریف کے اہل خانہ سے مشاورت جاری ہے اور خاندان کو رائے دی گئی ہے کہ اگر بیرون ملک روانگی میں مزید تاخیر ہوئی تو سابق وزیراعظم کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔سٹیرائیڈز کی اڈوز دینے سے پہلے ہی نواز شریف کی صحت پر گہرے مضمرات سامنے آ گئے ہیں،مزید ہائی ڈوز دی جاتی ہے تو اس سے پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کاوزن گزشتہ دو روز میں مزید کم ہوا ہے جبکہ شوگر اور دیگر بیماریوں کے باعث نواز شریف کی قوت مدافعت انتہائی کم سطح پر آچکی ہے ۔موجودہ صورتحال میں نواز شریف کو پاکستان میں رکھنا انتہائی خطرناک ہو گا، اگر چوبیس گھنٹوں سے زائد تاخیر سے انہیں روانہ کیا جاتا ہے تو مزید سٹیرائیڈز دینا بھی خطرناک ہوگا۔دریں اثنا سابق وزیر اعظم کی علاج کےلئے بیرون ملک روانگی میں تاخیر کی وجہ سے نجی ائیر لائن سے بک کرائی گئیں ٹکٹیں ایک بار پھر منسوخ کرا دی گئیں۔بتایاگیا ہے کہ نواز شریف کو علاج کےلئے بیرون ملک لےجانے کےلئے ائیر ایمبولینس کے انتظامات کے ساتھ جمعرات کے لئے نجی ائیر لائن کی ٹکٹیں بھی بک کرائی گئی تھیںتاہم روانگی کا حتمی فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے نواز شریف ،ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی ٹکٹیں منسوخ کر دی گئیں۔ نجی ائیر لائن کی پرواز صبح ساڑھے نو بجے روانہ ہونا تھا۔سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے صاحبزادے نے حکومتی فیصلے کو گھٹیا سیاست کی بدترین مثال قرار دیدیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں حسین نواز کا کہنا تھا کہ کیا امراض دل، گردہ، پلیٹ لیٹس اور سٹروک کا خطرہ رکھنے والے مریض کا علاج ایک ماہ میں ختم ہو سکتا ہے؟حسین نواز کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے بعد دو ہفتے کا وقت کیونکر ضائع کیا گیا؟ یہ آفر گھٹیا سیاست کی بدترین مثال ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے جاتی امرا ءرائے ونڈ میں ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق چار گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں مریم نوازاور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے ۔ملاقات میںحکومت کی جانب سے نواز شریف کو بیرون ملک علاج کےلئے مشروط اجازت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے اپنے بڑے بھائی کوآج ہونے والے پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں کے اجلاس او رشیڈول پریس کانفرنس کے حوالے سے بھی اعتماد میںلیا ۔اس موقع پر نوازشر یف نے کہا ہے کہ زندگی اور موت اللہ کی امانت ہے کسی طور ان حکمرانوں کے سامنے نہیں جھکوں گا مےں نے ہمےشہ اصولوںاور نظر ےے کی سےاست کی ہے اور کسی سمجھوتہ کا سوال ہی پےدا نہےں ۔
نواز شریف انکار

مزید :

صفحہ اول -