وزیراعظم عثمان بزدار کا تجاوزا ت کے خاتمے، ٹریفک مینجمنٹ کیلئے عملی اقدامات کا حکم 

      وزیراعظم عثمان بزدار کا تجاوزا ت کے خاتمے، ٹریفک مینجمنٹ کیلئے عملی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور کے ٹریفک سسٹم میں بہتری کیلئے وارڈنز کی1400 منظور شدہ خالی آسامیو ں پر بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی موثر مہم چلانے کیساتھ ساتھ ٹریفک کی آمد و رفت میں رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں لاہور میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کی آمد و رفت میں مشکلات کے ازالے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور چیف ٹریفک آفیسر نے لاہور میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں کیونکہ شہریوں کو ٹریفک میں رکاوٹ کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ا ور لاہور کے شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ ضروری ہے اوراس ضمن میں روڈ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ محکمے اس حوالے سے نصاب مرتب کریں۔ ٹریفک نظام کو بہتربنانے کیلئے جو کچھ کرنا پڑا، کریں گے۔ لاہور کی اہم سڑکوں پر متوازی پارکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے۔ ٹریفک کے نظام میں خلل کے باعث شہریوں کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ایل ڈی اے، سیف سٹی اتھارٹی، لاہور پارکنگ کمپنی اور دیگر متعلقہ محکمے و ادارے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے قریبی رابطے رکھ کر اقدامات اٹھائیں۔ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو جامع منصوبہ بندی کرکے حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے سٹیرنگ کمیٹی 14 روز کے اندر حتمی رپورٹ پیش کرے۔ متعلقہ محکمے اور ادارے اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ جو کرنا ہے متعلقہ اداروں اور محکموں نے کرنا ہے۔ فیصلے کئے جائیں اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ جس محکمے یا ادارے نے اس ضمن میں تساہل سے کام لیا، وہاں سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موثر ٹریفک مینجمنٹ سے شہروں میں آنے اور جانے والے لوگوں کو سہولت ملے گی۔ موثر ٹریفک مینجمنٹ اور ٹریفک ری انجینئرنگ کے ذریعے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ ٹریفک مینجمنٹ کا بہترین نظام مہذب معاشرے کی پہچان ہوتا ہے۔ ٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ عوام کی سہولت کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے آمد و رفت میں شہریوں کو آسانی ہو۔ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا متعلقہ ادارو ں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں اور محکموں کو آبادی بڑھنے کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے نئے چیلنجز پر پورا اترناہوگا۔ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے کام کرکے نتائج دینا ہوں گے۔لاہور پارکنگ کمپنی کے معاملات کا جائزہ خود لوں گا۔علاوہ ازیں ایوان وزیراعلیٰ میں انرجی سیکٹر سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب کے سرکاری دفاتر میں بجلی کی بچت کے لئے خصوصی آلات نصب کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔اس حوالے سے رواں مالی سال کے اختتام تک 25پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت سمال ڈیمزکی تعمیر سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں رودکوہیوں سے متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار 13 ڈیم بنانے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان میں  7 چھوٹے ڈیمز بنانے کے منصوبے پر غور کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کوہ سلیمان کے علاقوں میں فلڈ مینجمنٹ کیلئے ہل ٹورنٹ (رودکوہی) ڈیم بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے محکمہ آبپاشی اورماہرین کو جلد از جلد فزیبلٹی سٹڈی مکمل کرنے کی ہدایت کی اور چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کیلئے سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیراعلیٰ سٹیرنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ متعلقہ محکموں کے سربراہ کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھوٹے ڈیم ترقی کی نوید ہیں اور ان کی جلد ازجلد تعمیر ممکن بنانا چاہتے ہیں۔ رود کوہیوں کے علاقو ں میں چھوٹے ڈیم بننے سے کوہ سلیمان کے باسیوں کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں اور خوشحالی آئے گی۔ سیکرٹری آبپاشی اور دیگر ماہرین نے چھوٹے ہل ٹورنٹ ڈیمز کی تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سے کیٹل اینڈ بفلو ریکارڈ آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی جس میں مویشیوں میں مختلف بیماریوں کے اسباب، علاج اور بچاؤ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری سے دیہات میں خوشحالی آئے گی۔ صوبہ بھر میں لائیوسٹاک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مویشیوں کو منہ کھر سے بچانے کیلئے زون بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔پنجاب کو منہ کھر فری زون قرار دینے سے لائیوسٹاک کے شعبہ میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔قبل ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے شمالی وزیرستان میں باردوی سرنگ دھماکہ میں مادر وطن پر قربان ہونے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارا افتخار ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی اور آج وطن ان ہی شہداء کی بے مثال قربانیوں کے باعث پائیدار امن کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -