امریکہ نے شام میں کرد ملیشیا کے انخلا کا وعدہ نہیں نبھایا،ترک صدر
انقرہ(این این آئی)ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ وہ امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں انھیں یہ باور کرائیں گے کہ امریکا شام میں گذشتہ ماہ طے شدہ سمجھوتے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس نے ترکی کی سرحد کے ساتھ واقع علاقے سے کرد ملیشیا کو پیچھے نہیں ہٹایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ایردوآن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ کہنا ناممکن ہے کہ دہشت گردوں نے شام کے شمال مشرقی علاقے کی پٹی کو خالی کردیا ہے۔ترک صدر نے یورپی اقوام کو بھی خبردار کیا کہ ان کا ملک قبرص کے معاملے پر پابندیوں کے ردعمل میں داعش کے جنگجوؤں کو رہا کرکے واپس یورپ بھیج دے گا۔انھوں نے یہ عندیہ دے دیا کہ ترکی داعش کے غیرملکی جنگجوؤں کو بے دخل کرکے ان کے آبائی ممالک کو واپس بھیجتا رہے گا۔اگر وہ ممالک اپنے ان جنگجو شہریوں کو واپس لینے سے انکاری ہوتے ہیں تو تب بھی انھیں ان کے حوالے کیا جائے گا۔