صوبائی دارالحکومت پشاور کے بعد مردان میں بھی نیشنل گیمز کا میلہ سج گیا

    صوبائی دارالحکومت پشاور کے بعد مردان میں بھی نیشنل گیمز کا میلہ سج گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی دارلحکومت پشاور کے بعد مردان میں بھی نیشنل گیمز کا میلہ سج گیا ہے۔سینئر وزیر برائے کھیل عاطف خان نے نیشنل گیمز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر شاندار تقریب اور آتش بازی کا انتظام کیا گیا تھا ممبران صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر مردان سمیت محکمہ کھیل کے اعلی حکام بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ سینئر وزیر نے اس موقع پر باڈی بلڈنگ کے مقابلے بھی دیکھے۔باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں واپڈا نے واضح برتری حاصل کی۔مسٹر پاکستان اولمپک بھی واپڈا کے یاسین خان نے اپنے نام کیا۔ سینئر وزیر برائے کھیل عاطف خان نے مسٹر پاکستان اولمپک کا ٹائٹل واپڈا کے یاسین خان کو دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں نو سال بعدسپورٹس کا میگا ایونٹ بھرپور طریقے سے جاری ہییہ پہلا موقع ہے کہ پشاور کے علاوہ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی نیشنل گیمز کے مقا بلے منعقد کئے جارہے ہیں۔ایونٹ میں ملک بھر سے دس ہزار سے ذیادہ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ایتھلیٹس 31 مختلف گیمز میں حصہ لے رہے ہیں، کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سینئر وزیر نے کہا کہ نو سال بعد صوبے میں نیشنل گیمز کا کامیابی سے انعقاد کسی اعزاز سے کم نہیں، نیشنل گیمز کو کامیاب بنانے اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے خود نیشنل گیمز کی نگرانی کررہا ہوں، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نیشنل گیمز کے انعقاد سے دنیا کو امن کا پیغام جائیگا، پہلی بار مردان میں نیشنل گیمز کے مقابلے منعقد ہورہے ہیں جو بڑی کامیابی ہے،سینئر وزیر نے کہا کہ 26 ارب روپے کی خطیر رقم صوبے میں کھیلوں کے فروغ پر خرچ ہورہی ہے،اس سے پہلے کھیلوں کے فروغ کے لئے اتنا بجٹ مختص نہیں ہوا ہے۔ سینئر وزیر نے کہا کی مردان کے ہر یونین کونسل میں کھیل کے میدان بنائے جائینگے، صوبے میں 1000 کھیل کے میدان بنائے جائینگے جس پر 5اعشاریہ 5 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے، باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے صوبائی حکومت جلد ماہانہ معاوضہ پروگرام شروع کریگی۔ اس موقع پر سینئر وزیر نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز بھی تقسیم کئے۔مردان میں باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں مجموعی طور واپڈا نے واضح برتری حاصل کی۔55 کلوگرام مقابلوں میں واپڈا کے طارق خان نے گولڈ میڈل،واپڈا ہی کے محمد ساجد نے سلور جبکہ ریلوے کے شاہد نوید نے براونز میڈل اپنے نام کیا۔60 کلوگرام مقابلوں میں واپڈا کے محسن نوید گولڈ، آرمی کے سلمان احمد نے سلور جبکہ ریلوے کے دانیال اعجاز نے براونز میڈل جیتا۔65 کلوگرام کیٹگری میں واپڈا کے محمد عامر نے گولڈ،واپڈا ہی کے اشرف غنی نے سلور اور آرمی کے زوہیب عالم نے براونز میڈل اپنے نام کیا۔ 70 کلوگرام کی کیٹیگری میں واپڈا کے اویس سجاد نے گولڈ میڈل، آرمی کے مزمل نے سلور اور واپڈا کے اعجازالحسن نے براونز نے میڈل جیتا۔ 80 کلوگرام کیٹیگری میں آرمی کے شہزاد احمد نے گولڈ میڈل،واپڈا کے ایاز خان نے سلور اور واپڈا ہی کے آفتاب جان نے براونز میڈل جیتا۔85 کلوگرام مقابلوں میں واپڈا کے وقاص طارق نے گولڈ میڈل، آرمی کے قاری عالمزیب نے سلور اور واپڈا کے شاہد ندیم براونز میڈل جیتا۔90 کلوگرام مقابلوں میں پاک آرمی کے مومن نے گولڈ میڈل جبکہ 100 اور 100 سے اوپر کلوگرام مقابلوں میں واپڈا کے یاسین خان نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

مزید :

صفحہ اول -