ن لیگ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے آج عدالت میں درخواست دائر کرے گی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کے بارے میں حکومت کی سخت پالیسی کے بعد عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن آج عدالت میں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کیلئے درخواست دائر کرے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کرے گی اور عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ جاتی عمرہ میں نوازشریف اور شہبازشریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں۔ اس کے علاوہ شہبازشریف کی زیرصدارت آج ماڈل ٹاؤن میں اجلاس بھی بلایا گیا ہے اور 3 بجے پریس کانفرنس میں عدالت سے رجوع کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔
یادرہے کہ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے سخت حکومتی مؤقف کے بعد عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور(ن) لیگ عدالت سے ریلیف ملنے کے لیے پر امید ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت تاخیری حربوں کے ذریعے نوازشریف کی زندگی اور صحت کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے، نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار بے حس اور سنگ دل حکومت ہو گی۔
واضح رہے وزیراعظم نوازشریف کو 4 ہفتوں کے لیے ایک بار بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے اور یہ فیصلہ نواز شریف کی صحت کی تشویش ناک صورت حال کے باعث کیا گیا ہے۔
وزرات داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری میمورنڈم میں 80 لاکھ پاؤنڈ، 2 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر، 1.5 ارب روپے جمع کرانے کی شرط رکھی گئی ہے، نوازشریف یا شہبازشریف وزار ت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کو شورٹی بانڈ جمع کرواسکتے ہیں، جب کہ نوازشریف روانگی کی تاریخ سے چار ہفتوں کا میڈیکل ٹریٹمنٹ کروا سکیں گے۔