بڑے مقاصد کیلئے شاہراہیں بند کررہے ہیں،مفتی کفایت اللہ،سڑکوں کی بندش طویل ہوئی تو۔۔۔ بلوچستان حکومت نے بھی ردعمل دے دیا

بڑے مقاصد کیلئے شاہراہیں بند کررہے ہیں،مفتی کفایت اللہ،سڑکوں کی بندش طویل ...
بڑے مقاصد کیلئے شاہراہیں بند کررہے ہیں،مفتی کفایت اللہ،سڑکوں کی بندش طویل ہوئی تو۔۔۔ بلوچستان حکومت نے بھی ردعمل دے دیا

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مفتی کفایت اللہ کہتے ہیں کہ وہ ملک بھر میں بڑے مقاصد کیلئے شاہراہیں بند کرنے جا رہے ہیں۔اس سے لوگوں کو تکلیف تو ہوگی مگر بڑے مقاصد کیلئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔انہوں نے کہا تکلیف پر ہم عوام سے معذرت بھی کرتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ انہوں نے اسلام آبادمیں انتہائی پرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔اسلام آبادمارچ کے شرکا نے کسی کو کوئی تکلیف نہیں پہنچنے دی۔اسکول کھلے رہے اور راستے بند نہیں کئے گئے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی اخلاقی حمایت چاہئے ہوتی ہے۔

مفتی کفایت اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بلوچستان حکومت کے ترجمان نے کہا صوبائی حکومت نے چمن میں سڑک بند کرنے پر مظاہرین سے رابطہ کیااور انہیں بتایا کہ احتجاج ریکارڈ ہوگیا ہے اب عام عوام کیلئے مزید مشکلات پیدا نہ کی جائیں۔اگر یہ زیادہ دیر تک سڑکوں کو بندکریں گے تو انہی کے اسپورٹر ان کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

انہوں نے کہا اگرچہ ہم مذاکرات کے ذریعے ہی یہ مسئلہ حل کرنا چاہئیں گے تاہم دوسری صورت میںاگر دھرنا طویل ہوا تو حکومت عوام کے مفادات کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

مزید : اہم خبریں /قومی