" موبائل فون کمپنیاں ہر صبح تمام صارفین کو میسج میں یہ چیز بھیجیں" حکومتی وزیر نے نئی تجویز دیدی

" موبائل فون کمپنیاں ہر صبح تمام صارفین کو میسج میں یہ چیز بھیجیں" حکومتی وزیر ...

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کے اجلاس میں وزیر مملکت علی محمد خان نے اسلامی تعلیمات سے آگاہی کیلئے نئی تجویز پیش کر تے ہوئے کہا ہر موبائل کمپنی صارف کو ہر صبح ایک حدیث کا پیغام ٹیکسٹ کرے، حدیث کا پیغام اردو یا انگلش میں موصول ہونا چاہیے،چیئر مین پی ٹی اے تجویز کا جائزہ لیکر آئندہ اجلاس میں آ گاہ کریں،قائمہ کمیٹی نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر اور مذہبی منافرت کو کسی طرح سے روکا جا سکتا ہے سے متعلق بھی تجاویز طلب کرلیں۔

چیئرمین پی ٹی اے نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا پاکستان کے مطالبہ پر ٹویٹر کا ہوسٹ کنٹری اب بھارت نہیں دبئی ہے، پاکستان کی ٹویٹر مارکیٹ چھوٹی اور صارفین کی تعداد 3لاکھ ہے،پاکستان میں فائیو جی سروس جلد متعارف کرائیں گے، ملک میں 9لاکھ 32ہزار فحش ویب سائٹس بلاک کردیں۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ ڈویڑن کا اجلاس سید امین الحق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا،اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی موجودہ کارکردگی اور مستقبل میں پی ٹی اے ٹیلی کام کے شعبے میں جدت لانے کیلئے ضر وری اقدامات کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

قائمہ کمیٹی کا کہناتھا دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں سروس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جس پر پی ٹی اے حکام نے بتایا موبائل کوریج 100 فیصد نہیں، کوالٹی آف سروس کو بہتر کرنے میں مصروف ہے، آئندہ لائسنس کی تجدید میں کوریج اور سروس کوالٹی کو ملحوظ خاطر رکھا جائیگا،پی ٹی اے موٹروے اور ہائی ویز پرسروس اور کوریج کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہی ہے، غیر معیاری اور سمگلڈل موبائل فونز پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے۔ ٹیلی کام سے مالی سال 2018-19میں وصول 317.74 ارب روپے ملکی خزانے میں جمع کروائے۔

اس موقع پر انچارج وزیر کابینہ ڈویژن علی محمد خان نے کہا پاکستان مسلم ملک کیا پی ٹی اے صارفین کو روانہ کی بنیاد پر ایک حدیث مبارکہ بھیج سکتا ہے ہماری حکومت کا منشور اور وزیر اعظم کا وژن بھی کہ ہم نے پاکستان کو مدینہ کی طرز کی ریاست بنانا ہے۔ چیئر مین کمیٹی سید امین الحق نے کہا پاکستان میں ٹیلی کام کے شعبے میں بھی مینوفیکچرنگ ہونا، نوجوانوں کو شعبے میں روزگار کے مواقع ملنے چاہیے۔کمیٹی کو چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ نے بریفنگ کے دوران بتایا موبائل کمپنیوں کیلئے شاہراہوں پر کوریج کی فراہمی کو لازمی کرنے کا فیصلہ،نئے لائسنس کی شرائط میں موٹرویز،ہائی ویز پر کوریج کی فراہمی کو لازمی کیاجا رہا ہے۔

اس وقت موبائل کمپنیاں شاہراہوں پر کوریج کی فراہمی کی ذمہ داری نہیں، جو کمپنیاں شاہراہوں پر کوریج دے رہی ہیں وہ کمرشل مقاصد کیلئے ایسا کررہی ہیں۔کمیٹی رکن غلام علی تالپورنے کہا پاکستان میں سوشل میڈیا کو بند کردینا چاہئے جس پرچیئرمین پی ٹی اے نے بتایا سوشل میڈیا کیلئے ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ بنارہے ہیں،سوشل میڈیا پر ملکی قوانین،سما جی اقدار کی پاسداری کرنا ہوگی، سوشل میڈیا کا مواد مانیٹر کررہے ہیں،مواد 32حکومتی اداروں کے تعاون سے مانیٹر کرتے ہیں،مواد کی مانیٹرنگ کیلئے ایک پورٹل بنایا ہے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد