کلبھوشن کیس پر بھارت سے ڈیل کی افواہیں، دفتر خارجہ نے واضح اعلان کردیا

کلبھوشن کیس پر بھارت سے ڈیل کی افواہیں، دفتر خارجہ نے واضح اعلان کردیا
کلبھوشن کیس پر بھارت سے ڈیل کی افواہیں، دفتر خارجہ نے واضح اعلان کردیا

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے بارے میں انڈیا سے ڈیل کی افواہیں مسترد کردیں اور واضح کیا  ہے کہ فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے , پاک فوج کے ترجمان پہلے ہی کلبھوشن یادیو کیس پر عالمی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دے چکی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں جاری بیان میں واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘سزا یافتہ بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے پاک آرمی ایکٹ میں ترمیم کی قیاس آرائیاں درست نہیں ہیں’۔دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ کلبھوشن کیس پر تمام فیصلے پاکستان کے قوانین کے مطابق ہوں گے تاہم عالمی عدالت برائےانصاف کا فیصلہ پاکستان کے قوانین کی روشنی میں احترام کیا جائے گا ۔انہوں نے دوٹوک میں واضح کیا کہ 'کلبھوشن پر قطعی کوئی ڈیل نہیں ہو رہی'۔

پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں مقبوضہ کشمیر ، بابری مسجد، افغان صورتحال اور کرتارپورراہداری کے ساتھ ٹک ٹاک گرل حریم شاہ کے دفتر خارجہ میں داخلے اور ویڈیو بنانےسے متعلق بریفنگ دی۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے کہامقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ ایک سو تین دن سے کرفیو نافذ ہے اوروادی میں بھارتی مظالم جاری ہیں۔ڈاکٹر فیصل کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں عیدمیلادالنبی ﷺ بھی منانے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ کشمیریوں کو جمعہ نماز پڑھنے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی،انہوں نے کہاکشمیر کے عوام کے مذہبی اور انسانی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہاکشمیرپر ہمارے موقف میں رتی برابرفرق نہیں آیا۔

کلبھوشن یادیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی جاسوس کے معاملے پر قطعا کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ہے۔اس حوالے سے تمام فیصلے پاکستان کے قوانین کے مطابق ہوں گے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ بابری مسجد سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے اثرات یورپی سفیروں کو بتاچکے ہیں۔کرتاپور راہداری کے افتتاح کے پہلے روز بارہ ہزار سکھ یاتری کرتارپور آئے جبکہ معاہدے کے تحت پانچ ہزار سکھ روزانہ پاکستان آ سکتے ہیں۔۔

ترجمان نے ٹک ٹاک گرل کے دفتر خارجہ میں داخل ہونے اورویڈیو بنانے کے حوالے سے بتایا کہ حریم شاہ کے دفتر خارجہ میں داخلے سے متعلق معلومات جمع کرلی ہیں تاہم ایسے اقدامات بھی کئے گئے ہیں کہ مستقبل میں ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہوسکے۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاک گرل کے نام سے معروف حریم شاہ نے گزشتہ ماہ اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سےایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ان کو دفتر خارجہ کےکانفرنس روم میں دیکھا جاسکتا تھا

مزید : اہم خبریں /قومی