نوازشریف کے پلیٹ لیٹس 2ہزار تک گرگئے،لیکن پھر طبی معجزہ ہوگیا،شہبازشریف کا نواز شریف کی صحت سے متعلق اہم بیان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے دعویٰ کیا ہے کہ میاں نواز شریف کی نیب کی تحویل میں طبیعت بہت زیادہ بگڑ گئی تھی جس پر انہیں رات گئے اطلاع دی گئی۔ شہباز شریف کے مطابق وہ نواز شریف کو نیب سے ہسپتال لےگئے۔شہباز شریف کے مطابق نوازشریف کے پلیٹ لیٹس انتہائی کم ہوتے ہوئے دو ہزار تک پہنچ گئے تھے ،ڈاکٹرز کے مطابق پلیٹ لیٹس کی تعداد اس قدر کم ہوجائے تو صحت کا سنبھلنا مشکل ہوتا ہے تاہم میڈیکل کی ہسٹری میں یہ ایک طبی معجزہ ہے کہ ان کی انٹرنل بلیڈنگ شروع نہ ہوئی ۔شہبازشریف کے مطابق یہ سب ان کی والدہ کی دعا ہے جس کی وجہ سے ان کے بھائی کی صحت سنبھل گئی۔انہوں نے کہا وہ ان تمام لوگوں کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے اس رات ان کی مدد کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالے جانے پر گزشتہ شب انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایاجائے گا۔اور اس سلسلے میں ہماری ٹیم ہائیکورٹ پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بیس دن سے زیادہ گزر گئے ہیں،جس سنگ دلی اور چھوٹے ذہن کے ساتھ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت نے جو کھیل رچا رکھا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
شہبازشریف نے کہا حکومت ان سے اور نوازشریف سے انڈیمنٹی بانڈکی آڑ میں سیاسی تاوان حاصل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا این آر او نہ دینے کا دعویٰ کرنے والوں نے سات ارب روپے کا بانڈ مانگ لیا ہے تاکہ لوگوں کو یہ دھوکہ دے سکیں کہ دیکھیں ہم نے ان سے رقم نکلوالی ہے۔انہوں نے کہا وہ حکومت کے اس فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا عمران خان نہ تو این آر او دے سکتے ہیں اور نہ ہی لے سکتے ہیں۔وہ انسانی مسئلے کو بدترین سیاسی مسئلہ بناکرڈرامہ بازی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا حکومت نے عوام کیلئے کوئی فلاحی کام کرنے کے بجائے پہلے سے میسر سہولیات سے بھی عوام کو محروم کردیاہے۔ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیاگیاہے۔
اس سے قبل بھی نواز شریف لندن میں تھے لیکن وہ اپنی بیمار بیوی کو چھوڑ کر بیٹی سمیت واپس آئے اور کیسز کا سامنا کیا۔اس دورا ن انہیں اڈیالہ جھیل بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا اس نواز شریف سے ضمانتیں مانگی جا رہی ہیں جو اس ملک کا تین بار وزیراعظم بنا، ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور ملک میں بجلی کے بحران کو ختم کرنے کیلئے دن رات ایک کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ساری قوم نواز شریف کی صحت کی وجہ سے پریشان ہے۔قانونی ماہرین واضح کرچکے ہیں کہ اس بانڈ کا کوئی جواز نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میڈیکل بورڈ لکھ کر دے چکا ہے کہ جہاں سے چاہیں علاج کرائیں ۔ماضی میں عمران خان کینٹینر سے گرے تو نوازشریف خود ان کی عیادت کیلئے گئے۔یہ تو انسانی اور مذہبی اقدار ہیں ان پر عمل کرنا چاہئے۔شہباز شریف نے الزام لگایا کہ عمران خان پاکستان کا ماحول آلودہ کررہے ہیں۔