نوازشریف کو لینے کیلئے ایئرایمبولینس کب پاکستان آئے گی؟ شہبازشریف نے دوٹوک اعلان کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت خراب ہے اور انہیں بیرون ملک علاج کے لیے جانا ہے لیکن ان کا نام ای سی ایل پر ہونے کی وجہ سے تاحال روانہ نہیں ہوسکے لیکن انہیں لینے ایئرایمبولینس کب آئے گی ، شہبازشریف نے واضح کردیا۔
پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے بتایا کہ فضائی سفر کے لیے 50 ہزار پلیٹ لیٹس مناسب تعداد ہے لیکن ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ 35 ہزار پر بھی ایئرایمبولینس میں جاسکتے ہیں۔ صحافی کے سوال کے جواب میں شہبازشریف نے بتایا کہ ایئرایمبولینس ایسے نہیں آسکتی ، ان کے آنے جانے کے بھی اخراجات ہوتے ہیں، انہیں مکمل دستاویزات فراہم کرنا ہوتی ہیں ، ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے میاں نوازشریف کا نام نکلنے کے بعد ہی ایئرایمبولینس آئے گی ۔
شہباز شریف نے مزید کہا محکمہ داخلہ نیب اور نیب محکمہ داخلہ کی جانب گیند پھینک رہا ہے، نواز شریف کی صحت پر سیاست بند کر دیں، والدہ نواز شریف کیلئے دن رات دعائیں کرتی ہیں، کوئی حادثہ ہوا تو قوم اس کو برداشت نہیں کرسکے گی، سیرت النبیؐ کانفرنس میں عمران خان نے جو باتیں کی وہ دہرانا نہیں چاہتا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نوازشریف کا نام نکلوانےکے لیے مسلم لیگ ن نے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے اور درخواست پر سماعت جاری ہے ۔