نواز شریف کی حالت تشویشناک،علاج کیلئے باہر جانا بہت ضروری ہے،معالج ڈاکٹرعدنان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)نواز شریف کے خصوصی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ پلیٹ لیٹس کم ہونے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو رہی جوکہ انتہائی تشویشناک ہے۔اس بیماری کی تشخیص کیلئے ملک سے باہر جانا بہت ضروری ہے۔اس تشویشناک صورتحال میں نواز شریف کو ایک ہارٹ اٹیک بھی ہوا ہے جس سے صورتحال بہت کشیدہ ہوچکی ہے۔
ڈاکٹرعدنان نے کہا کہ جب سٹیرائید کی ہائی ڈوز دی جاتی ہے تو عموما مریض کی حالت بہتر ہونے لگ جاتی ہے تاہم نواز شریف کے حوالے سے سٹیرائیڈ ز کے نتائج توقع کے برعکس ہیں۔
نواز شریف سات ہارٹ اٹیک اور دو ہارٹ سرجریز کروا چکے ہیں اس لئے ان کو صحت سے متعلق انتہائی نگہداشت کی ضرورت رہتی ہے۔اس لئے ان کا علاج کیلئے بیرون ملک جانا بہت ضروری ہے۔ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ نواز شریف کو صحت کے حوالے سے چار مختلف مسائل کا سامنا ہے اور بدقسمتی سےچاروں مسائل جان لیوا ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ نواز شریف کی تشخیص اور مزید علاج کیلئے انہیں بیرون ملک بھیجا جائے۔