بظاہر عام سی نظر آنے والی اس چائے دانی کی قیمت کتنے کروڑ روپے ہے؟ جان کر یقین نہ آئے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے ایک گھر میں پڑی بظاہر عام سی نظر آنے والی چائے دانی اتنی بھاری قیمت میں فروخت ہو گئی ہے کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ سبز رنگ کی چائے دانی ناشپاتی کی شکل میں بنی ہوئی ہے جو لندن کے ’ڈوکس نیلام گھر‘ میں 10لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 20کروڑ روپے)میں فروخت ہو گئی ہے۔ جب یہ چائے دانی نیلامی کے لیے پیش کی گئی تو دنیا بھر سے لوگوں نے اس کی خریداری میں اس قدر دلچسپی دکھائی کہ امیدواروں میں ایک جنگ چھڑ گئی، جس کے نتیجے میں اس کی قیمت اتنی اوپر چلی گئی۔
اس چائے دانی کی خاصیت یہ ہے کہ یہ چین کے ایک بادشاہ کی چائے دانی تھی جو اب ایک عام سے چینی گھرانے کے کچن میں رکھی ہوئی تھی۔ ڈوکس نیلام گھر کے ساتھ کام کرنے والی یانگ نامی چینی ماہر نے اس چائے دانی کو دیکھا اور اس کے پیندے پر لگی مہر کو سمجھنے میں کامیاب ہو گیا جس سے پتا چلتا تھا کہ یہ بادشاہ چیان لانگ کی ملکیت تھی، جس نے 1735ءسے 1796ءتک چین پر حکومت کی اور اپنی موت سے تین سال قبل تخت سے دستبردار ہو کر اپنے بیٹے جیانگ انگ کو بادشاہ بنا دیا تھا۔چیان لانگ کی موت 87سال کی عمر میں 1799ءمیں ہوئی تھی۔