کیا فیس بک چپکے چپکے آپ کی ویڈیو بھی بناتا ہے؟ سب کو پریشان کر دینے والا انکشاف منظر عام پر

کیا فیس بک چپکے چپکے آپ کی ویڈیو بھی بناتا ہے؟ سب کو پریشان کر دینے والا ...
کیا فیس بک چپکے چپکے آپ کی ویڈیو بھی بناتا ہے؟ سب کو پریشان کر دینے والا انکشاف منظر عام پر

  



نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل اور فیس بک جیسی کمپنیوں کے متعلق یہ بات تو اب سبھی جانتے ہیں کہ یہ صارفین کا نجی نوعیت کا ڈیٹااپنے پاس محفوظ رکھتی ہیں اور اس کی وجہ یہ بیان کرتی ہیں کہ وہ اس ڈیٹا کے ذریعے صارفین کی پسند و ناپسند کا پتا چلاتی ہیں اور اس کے مطابق انہیں اشتہارات دکھاتی ہیں۔ تاہم اب فیس بک کے متعلق ایک اور ایسا انکشاف سامنے آیا ہے کہ لوگ اس کے استعمال سے ہی خوفزدہ ہو جائیں۔ میل آن لائن کے مطابق آئی فون پر فیس بک استعمال کرنے والے کئی صارفین نے انکشا ف کیا ہے کہ فیس بک چوری چوری اپنے صارفین کی ویڈیوز بھی ریکارڈ کرتا ہے۔ جب وہ فیس بک کی ایپلی کیشن استعمال کر رہے ہوتے ہیں تو فون کا کیمرا ان کی مرضی کے بغیر اچانک آن ہو جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ شکایت زیادہ تر ان لوگوں نے کی جن کے آئی فونز میں آئی او ایس 13.2.2چل رہا تھا۔ ان میں سے ایک شخص کا نام جوشوا میڈکس ہے، جس نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بتایا کہ وہ جب بھی اپنے آئی فون پر فیس بک ایپلی کیشن کھولتا اور اسے سکرول ڈاﺅن کرتا ہے تو اس کے فون کا کیمرا خود بخود آن ہوجاتا ہے۔ ڈیلی میل نے اس معاملے پر جب فیس بک سے رابطہ کیا تو اس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ”صارفین کو یہ مسئلہ فیس بک کی آئی او ایس ایپلی کیشن میں ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آ رہا تھا۔ یہ مسئلہ ورژن 244میں تھا، اب ایپ کی نئی اپ ڈیٹ میں ہم نے یہ مسئلہ حل کر دیا ہے۔“ دوسری طرف سائبر سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو یہ مسئلہ آ رہا ہے انہیں چاہیے کہ اپنی فیس بک ایپلی کیشن کی سیٹنگز میں جا کر کیمرا کا آپشن بند کر دیں۔ اس کے بعد کیمرا خود بخود نہیں چلے گا۔

مزید : بین الاقوامی