حکومت نے ٹماٹروں کو قابو کرنے کا طریقہ ڈھونڈ لیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)منیر نیازی کے مصرعے’ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں‘ کے مصداق ہماری موجودہ حکومت بھی ہمیشہ دیر کر دیتی ہے۔ اب ایک ماہ سے زائد کی تاخیر کے بعد بالآخر حکومت نے ٹماٹروں کی آسمان کو چھوتی قیمت پر قابو پانے کا ایک طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے اور طریقہ یہ ہے کہ وہ ایران سے ٹماٹر درآمد کرے گی۔ ڈیلی ڈان کے مطابق ملک میں ٹماٹر کی قیمت اوپر جانے کی وجوہات میں حکومت کی غلط پالیسی اور خراب موسم شامل ہیں۔ اکتوبر سے ٹماٹر کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے۔ قومی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ٹماٹر اوسطاً180روپے فی کلو گرام میں فروخت ہو رہا ہے تاہم ملک کے متعدد علاقوں میں اس کی قیمت 300روپے سے اوپر جا چکی ہے۔
صورتحال قابو سے باہر ہونے کے بعد وزارت برائے تحفظ خوراک نے درآمد کنندگان سے ایک میٹنگ کرنے جا رہی ہے، جس میں ہمسایہ ممالک سے ٹماٹر کی درآمد تیز کرنے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری تحفظ خوراک محمد ہاشم پوپلزئی کا کہنا تھا کہ ”اس میٹنگ میں ایران سے ٹماٹروں کی درآمد کی اجازت دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔ “ رپورٹ کے مطابق سندھ میں پیدا ہونے والے ٹماٹر آئندہ دو سے تین ہفتے میں مارکیٹ پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ اس دوران حکومت ایران سے ٹماٹر درآمد کرکے اس بحران پر قابو پانے کی کوشش کرے گی۔