فواد چوہدری کے بعد مشیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کردئیے،نوجوانوں کے لیے مایوس کن خبر

فواد چوہدری کے بعد مشیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کردئیے،نوجوانوں کے لیے مایوس ...
فواد چوہدری کے بعد مشیر خزانہ نے بھی ہاتھ کھڑے کردئیے،نوجوانوں کے لیے مایوس کن خبر

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کےمشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے ٹماٹروں کی غلط قیمت بتا نے کے بعد ایک اور مایوس کن بیان دیتے ہوئے  کہا ہے کہ حکومت کا کام روز گار فراہم کرنا نہیں ہے بلکہ ادارے لوگوں کوروزگار فراہم کرتے ہیں۔

نجی نیوز چینل ’جیو نیوز‘ کے مطابق حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت کا کام روزگار فراہم کرنا نہیں بلکہ ادارے لوگوں کوروزگار فراہم کرتے ہیں، لاکھوں لوگوں کو روزگار نہیں دے سکتے البتہ روزگار کے لیے ماحول بہتر کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہنجکاری کا پروگرام دوبارہ شروع کررہے ہیں، ایل این جی پاور پلانٹس، کچھ بینکس اور انشورنس کمپنیوں کی نجکاری کی جارہی ہے،ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔حفیظ شیخ نے کہا کہ عوام کی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، جن ممالک نے ترقی کی اُنہوں نے عوامی ترقی کو پہلی ترجیح دی، ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے بغیرعلاقائی ترقی نا ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں علاقائی مسائل کا سامنا ہے اور علاقائی رابطے کمزور ہیں، سرحدوں پر کسٹمز انفرا سٹرکچر ایک جیسا نہیں ہے، پاکستان افغانستان میں حالات بہتر کرنے کی کوشش کررہا ہے، سعودی عرب اور ایران میں ثالثی کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی کہا کہ خطے میں امن چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فواد چوہدری نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا ۔اس کے برعکس انتخابات سے قبل عمران خان نوجوانو ں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرتے تھے۔گزشتہ دنوں حفیظ شیخ نے ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہونے کا بیان دے کر بھی سب کو حیران کردیا تھا۔

مزید : قومی