’ حکومت کی شرائط افسوسناک،اس سے بڑھ کر بلیک میلنگ نہیں ہوسکتی‘ نواز شریف کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان بھی میدان میں آگئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وہ حکومتی پیشکش مسترد کرنے پر نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سابق وزیر اعظم کیلئے حکومت کی شرائط سے افسوس ہوا اس سے بڑھ کر بلیک میلنگ نہیں ہوسکتی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کا نواز شریف سے فون پر رابطہ ہوا تھا، وہ میاں نوازشریف کو حکومتی پیشکش ٹھکرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے نواز شریف سے ایڈیمنٹی بانڈ طلب کیے جانے کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انہیں نواز شریف کے لئے حکومت کی شرائط سے افسوس ہوا اس سے بڑھ کر بلیک میلنگ نہیں ہوسکتی۔
شاہراہوں کی بندش کے حوالے سے جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہمارے اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے حکومت استعفیٰ دے دیتی تو شاہراہوں پرجانے پر مجبونہ ہوتے۔رہبر کمیٹی قائم ہے اور رابطوں کا بھی موثر نظام موجود ہے ، استعفیٰ اور اس کیلئے مطالبہ ہمارا بنیادی ہدف ہے ، امید ہے ناجائز حکومت اور حکمران قوم کے سر سے اتریں گے۔