عمران خان نواز شریف کی صحت کے بارے میں بہت پریشان ہیں، ہمایوں اختر کادعویٰ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما ہمایوں اختر نے کہاہے کہ عمران خان نواز شریف کی صحت کے بارے میں بہت پریشان ہیں، ایئر ایمبو لینس موجود ہے اورنواز شریف آدھے گھنٹے میں ملک سے باہر جاسکتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر نے کہا کہ یونہی نواز شریف کی طبیعت خرابی ہوئی پاکستان بھر کے بہترین ڈاکٹر ز ان کے پاس پہنچائے گئے اور اس وقت وہ اپنے گھر میں تشریف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایئر ایمبو لینس موجود ہے اورنواز شریف آدھے گھنٹے میں ملک سے باہر جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سے قانون دان بول رہے ہیں لیکن حکومت میں بھی بہت سے قانون دان بیٹھے ہیں اور ان کی جانب سے مشاورت کرکے حکومت کو سکیورٹی بانڈ لینے کا مشورہ دیا گیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ جتنے سیکورٹی بانڈز بھرنے کا کہا گیاہے ، وہ تو اس رقم کا معمولی سا حصہ بھی نہیں ہے جس کے نواز شریف پرمقدمات چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر جرم ثابت نہیں ہوا تھا اوران کومجرم ثابت ہونے سے پہلے باہر جانے کی اجازت ملی تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کیلئے بہتری یہ ہے کہ سکیورٹی بانڈز پر سائن کردیں اور بعد میں اس کوچیلنج کردیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں ہورہی اورعمران خان نواز شریف کی صحت کے بارے میں بہت پریشان ہیں۔