شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات تشویشناک ہیں،محمد فیصل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات تشویشناک ہیں۔صرف پانچ ماہ کے دوران100سے زائد افراد کی ہلاکتیں متعلقہ اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے روڈ سیفٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔جمعہ کو جاری بیان میں محمدفیصل نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک حادثات کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی رپورٹ انتہائی تشویشناک ہے۔چند ماہ کے دوران سیکڑوں افراد کا ان حادثات میں جاں بحق ہونا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ٹریفک کے حوالے سے متعلقہ تمام ادارے گہری نیند سوئے ہیں اور انہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ سے کوئی سروکار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ سے سڑکوں کی ابتر حالت ہے۔شہر کے تمام علاقوں میں سڑکیں ابتری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں جبکہ کم عمر ڈرائیورز بھی حادثات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔محمد فیصل نے کہا کہ روڈ سیفٹی پلان دور دور تک نظر نہیں آتا ہے۔ٹریفک پولیس کے حکام کو چاہیے کہ وہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔