آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کرٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر172رنز بنائے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ حدف دووکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔
تفصیل کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا ۔آسٹریلیا کو پہلی کامیابی چوتھے اوور میں ملی جب جوش ہیزل ووڈ نے ڈیرل مچل کو 11سکور پر آوٹ کیا ۔12ویں اوور میں مارٹن گپٹل 28سکور بنا کر زیمپا کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے ۔18ویں اوور میں گلین فلپ 18سکور بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ کیو کپتان کین ولیم سن کی گری جو85سکور بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر آوٹ ہوئے۔جوش ہیزل ووڈ تین جبکہ ایڈم زیمپا ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
مطلوبہ حدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ جلدی گی لیکن کینگروز نے جارحانہ طریقے سے بلے بازی کا آغاز کیا ۔ ایرون فنچ صرف پانچ رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔ ڈیوڈ وارنر 53سکور بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آوٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 77جبکہ گلین میکسول28سکور بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔