بھارت میں نوجوان لڑکے نے اپنی محبوبہ قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے 35ٹکرے کیے اور مختلف مقامات پر پھینک دیئے لیکن پکڑا کس طرح گیا ؟ جانئے

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )دہلی پولیس نے نوجوان لڑکے کو اپنی محبوبہ کو قتل کر نے اور اس کی لاش کے 35 ٹکڑے کر کے مختلف مقامات پر پھینکنے کے الزام میں گرفتار کر لیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت آفتاب امین پونا والا سے ہوئی ہے ، اس نے 18 مئی کو اپنی 26 سالہ محبوبہ شردھا کو قتل کیا ، پولیس کا کہناہے کہ ملزم نے لڑکی کی لاش کے 35 ٹکڑے کیئے اور انہیں محفوظ کرنے کیلئے نئی فریج خرید کر لایا ، اس کے بعد وہ 18 دن تک روزانہ اس کے ٹکڑے شہرکے مختلف علاقوں میں پھینکتا رہا اور وہ یہ کام رات کے دو بجے انجام دیا کرتا تھا تاکہ اسے کوئی دیکھ نہ سکے ۔
آفتاب اور شردھا ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے لیکن وہ شادی کے بغیر دہلی کے علاقے مہرولی میں کرائے کے فلیٹ میں ایک ساتھ رہ رہے تھے ، شردھا ممبئی میں ملٹی نیشنل کمپنی کے کال سینٹر میں نوکری کرتی تھی جہاں اس کی ملاقات پونا والا سے ہوئی ، دونوں نے ایک دوسرے سے ملنا جلنا شروع کیا اور بعد میں وہ ایک ہی فلیٹ میں شفٹ ہو گئے ، لڑکی کے والدین نے رشتے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا جس پر یہ دونوں دہلی آ گئے ۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب متاثرہ لڑکی نے اپنے والدین سے رابطہ بالکل منقطع کر دیا اور لڑکی کے گھر والوں نے بیٹی کا سوشل میڈیا اکاﺅنٹ بھی چیک کیا جس پر لمبے عرصہ سے کوئی نئی ا پ ڈیٹ نہیں تھی ، اس نے ان کے شکوک مزید بڑھا دیئے ، لڑکی کے والد بیٹی کا معلوم کرنے کیلئے دہلی آئے اور جب فلیٹ پر پہنچے تو وہاں تالا لگا ہوا تھا ۔
لڑکی کے والد نے پولیس سٹیشن سے رابطہ کیا اور گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی، والدنے پولیس کو اپنی بیٹی اور آفتاب کے رشتے کے بارے میں بھی بتایا اور بیٹی کی گمشدگی میں اس کے ملوث ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا۔ پولیس کا کہناتھا کہ دراصل دونوں کی ملاقات ڈیٹنگ ایپلی کیشن کے ذریعے ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ملنا جلنا شروع کیا اور ممبئی سے دہلی آ گئے ۔
پولیس کا کہناتھا کہ والد کی شکایت کے بعد آفتاب پونا والا پر نظر رکھی گئی اور پھر اسے اس کی دہلی کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا ،مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیاہے ۔