سندھ میں کانگو وائرس کا پھیلاؤ

  سندھ میں کانگو وائرس کا پھیلاؤ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کے کئی شہروں خصوصاً بلوچستان سے ملحقہ علاقوں میں گانگو وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی مدد کے لئے صوبائی محکمہ صحت میں ایک خصوصی ڈیسک قائم کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ کانگو وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ گذشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ یہ وائرس عموماً جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہوتا ہے اور اِس سے تحفظ کی کوئی موثر ویکسین نہیں ہے اِس لئے احتیاط کی اشد ضرورت ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے اِس سے متعلق آگاہی کے لئے مہم چلانے کی اجازت دے دی ہے تاہم اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سابق صوبائی حکومت نے بھی کئی بار آگاہی مہم چلائی لیکن اْس کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ کانگو وائرس کے شدید بخار میں مبتلا مریض کراچی کے ہسپتالوں میں لائے جارہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ سندھ اور وزیرصحت کے درمیان تنازعات کی بناء  پر تناؤ کی کیفیت ہے جس سے اِس وائرس سے نبٹنے کی مربوط کوششیں سامنے نہیں آ رہیں جس کی وجہ سے یہ مسئلہ بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کو چاہئے کہ وہ کابینہ کے اندر کے اختلافات فوری حل کر کے اِس وائرس سے نبٹنے کے لئے مطلوبہ اقدامات کریں تاکہ لوگوں کی جان بچائی جا سکے۔یاد رہے کوئی بھی اختلاف عوام کی جان سے بڑھ کر نہیں ہو سکتا۔

مزید :

رائے -اداریہ -