پانچواں چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ آج شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پانچواں چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ منگل 14نومبر سے رائل پام گولف اینڈ کنٹری کلب لاہور میں شروع ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے کیا گیا ہے۔چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ پانچ روز تک جاری رہنے والے اِس ٹورنامنٹ میں پاکستان گولف فیڈریشن سے منسلک کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ فارمیٹ کے مطابق مقابلے 5مختلف کیٹیگری میں ہوں گے جن میں امیچورز، سینئر امیچورز، خواتین، ویٹرنز اور انوی ٹیشنل شامل ہیں۔ چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد پاکستان گولف فیڈریشن سمیت اس کھیل کے فروغ کے لئے کام کرنے والے دیگر سپورٹس گروپس سے وا پڈا کے مضبوط روابط استوار کرنا ہے۔ اِس ٹورنامنٹ کے ذریعے گولف کے شعبے میں موجود نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروانے میں بھی مدد ملے گی۔ واپڈا گزشتہ پانچ دہائیوں سے پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے لئے بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔واپڈا سپورٹس بورڈ نے ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں جن میں واپڈا سپورٹس انڈاو_¿منٹ فنڈ سرفہرست ہے۔ واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں کے ذریعے کھلاڑیوں کو ملک میں ملازمت کے سب سے زیادہ مواقع حاصل ہیں۔ اس وقت2 ہزارسے زائد کھلاڑی اور آفیشلز کو واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں روزگار حاصل ہے۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 65ٹیمیں ہیں جن میں مردوں کی 36 جبکہ خواتین کی 29ٹیمیں شامل ہیں۔ اس وقت واپڈا 33کھیلوں میں قومی چیمپئن اور 23میں رنرز اَپ ہے۔