پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بارات والے دن دلہے کو قتل کرنے کی اندھی واردات کی ماسٹر مائنڈ دلہن نکلی جسے پولیس نے آشنا سمیت گرفتار کر لیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق چار سدہ روڈ پر 3 روز قبل دلہا کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دلہا جاں بحق جبکہ اس کا بھائی لہولہان ہو گیا تھا۔ پولیس نے تفتیش کی تو پتہ چلا کہ دلہن کو اس کا خالہ زاد پسند کرتا تھا اور دلہن بھی راضی تھی۔ گھر والوں نے خالہ زاد کو رشتہ دینے سے انکار کر دیا تھا جس پر لڑکی نے پلان ترتیب دیا اور اس کے آشنا نے اس پر عمل کر دیا۔
لڑکے نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی خالہ زاد کو انتہائی پسند کرتا تھا اور اسے حاصل کرنے کیلئے واردات انجام دی۔ پولیس نے ملزمہ کو آشنا سمیت گرفتار کر لیا۔