لاہور میں بجلی چوروں کا لیسکو ٹیم پر قاتلانہ حملہ، چھریوں کے وار سے ایک اہلکار شدید زخمی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقے محلہ ککےزئی میں لیسکو ٹیم بجلی چوری کی روک تھام کے لیے لگائے گئےسکینگ میٹر کی ریڈنگ لینے گئی کہ اس دوران چھریوں اور چاقو سے مسلح بجلی چوروں نے حملہ کردیا، چھریوں کے وار سے میٹر ریڈر کاشف حمید بٹ شدید زخمی ہوگیا۔
ترجمان لیسکو کے مطابق چھریاں لگنے کے باعث میٹر ریڈر کاشف حمید بٹ کے پیٹ پر گہرا زخم آیا جس کے باعث انہیں فوری طور پر میاں منشی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہےجبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ لیسکو کی جانب سے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مختلف علاقوں میں سکینگ میٹر لگائے گئے ہیں، جن کا مقصد لوڈ اور سپلائی کو مانیٹر کرنا ہے، میٹر ریڈر کاشف حمید بٹ محلہ ککےزئی میں اسی میٹر کی ریڈنگ لینے گیا تھا۔