پاکستان اور سری لنکا کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے درمیانپہلا ون ڈے16 اکتوبر کو کھیلا جائیگا
کولمبو ( نیٹ نیوز) پاکستان اور سری لنکا کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ یوتھ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 16 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستانی انڈر 19 ٹیم ان دنوں سری لنکا میں موجود ہے جہاں پر وہ میزبان ملک کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف سیریز کھیلنے میں مصروف ہے، اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز برابری پر ختم ہوئی تھی، دونوں میچز ڈرا ہوئے تھے۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان یوتھ ون ڈے سیریز کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 19 اکتوبر، تیسرا میچ 21 اکتوبر، چوتھا میچ 23 اکتوبر جبکہ پانچواں اور آخری میچ 25 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔