تیونسی فوج اور جہادیوں میں جھڑپ، دو فوجی ہلاک
تیونس(آن لائن)شمالی افریقی ملک تیونس کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ ہمسایہ ملک الجزائر کی سرحد کے قریب جہادیوں اور ملکی فوج میں ہونے والی ایک جھڑپ میں کم از کم دو فوجی ہلاک اور دیگر چار زخمی ہوئے ہیں۔ وزارتِ دفاع کے ترجمان بیلحسن وصلتی نے بتایا کہ ماؤنٹ صماما میں ایک تلاشی کی کارروائی کے دوران وہاں چھپے ہوئے جہادیوں نے اچانک فوج پر فائرنگ شروع کر دی۔ تیونس میں القاعدہ کی ذیلی شاخ ’اسلامی مغرب‘ نے اِس جھڑپ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اِس اعلان کے مطابق علاقے کے لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ سارے علاقے عقبہ بن نافع بٹالین نے حکومتی جاسوسوں کو ڈھونڈ کر ہلاک کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔