چین اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا

چین اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا

گلگت (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا، گلگت بلتستان میں خصوصی اقتصادی زون بنائے جائیں گے، وزیراعظم نواز شریف کا وژن ہے کہ ملک کے غربت والے خطے جیسے گلگت بلتستان اور بلوچستان کے لوگوں کو اقتصادی راہداری کے منصوبہ سے خصوصی فائدہ حاصل ہو۔ منگل کو گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن ناردرن ریجن کی طرف سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کے علاوہ سینٹرل ایشین ممالک کو بھی فائدہ حاصل ہو گا، پاکستان اس منصوبہ کی تکمیل سے ایشین ٹائیگر بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ لائف انشورنس آف پاکستان کے کارکنوں کی محنت کی وجہ سے آج ملکی ترقی میں اسے اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کا ریجنل آفس قائم کیا جا رہا ہے جو کہ یکم جنوری 2016ء سے کام شروع کر دے گا، اس سے یہاں کام کرنے والے ملازمین کو آسانی پیدا ہو گی۔ اس موقع پر سٹیٹ لائف انشورنس آف پاکستان کی چیئرپرسن نرگس گھپلو اور جنرل منیجر صفدر حسین نے بھی خطاب کیا اور گلگت بلتستان میں سٹیٹ لائف انشورنس کے ملازمین کو درپیش مسائل کا ذکر کیا اور اپنی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ سال 2015ء میں گلگت بلتستان میں کارکنوں کی محنت کی وجہ سے 75 کروڑ روپے کی پالیسیاں مکمل ہوئیں۔

مزید : کامرس


loading...