بلیو ایریا کے تاجروں کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

بلیو ایریا کے تاجروں کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

اسلام آباد (اے پی پی) بلیو ایریا اسلام آباد کے تاجروں کے ایک وفد نے گروپ چیئرمین ملک صغیر کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور عاطف اکرام شیخ کو چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے دیگرنومنتخب عہدیداران کو بھی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر کی نومنتخب قیادت تاجروں وصنعتکاروں کے مسائل کو حل کرانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔ وفد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر میاں اکرم فرید اور فیڈریشن کے چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین سمیت بلیو ایریا کے تاجروں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام میٹرو بس منصوبہ سے متاثرہ تاجروں کو مناسب معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کرے تا کہ وہ اپنا کاروبار بحال کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس وقت مختلف مسائل سے دوچار ہے لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود وہ اپنی مدد آپ کے تحت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ودہولڈنگ ٹیکس اور بینکوں کے لین دین پر عائد ٹیکس سمیت تاجر برادری کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے تا کہ سازگار حالات پیدا ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور معیشت تیزی سے بحال ہو۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر تاجروں کے مسائل ہر متعلقہ فورم پر اٹھانے کی کوشش کرے گا ۔ تاجروں کے وفد کی طرف سے بلیوایریا کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے گروپ چیئرمین ملک صغیر، فیڈریشن کے نائب صدر میاں اکرم فرید، چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین اور ملک یوسف سمیت دیگر نے اپنے خطاب میں سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ بلیوایریا میں بلا تاخیر ترقیاتی کاموں کا آغاز کرے اور یو ٹرن و پارکنگ پلازوں سمیت اس تجارتی مرکز کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ فاؤنڈ ر گروپ کے چیئرمین عبدالرؤف عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد کے تاجروں کے 90 فیصد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں لہذا کاروباری سرگرمیوں کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے میں اس ادارے کا کردار بہت اہم ہے ۔ انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ وفاقی دارالحکومت کے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے۔

مزید : کامرس


loading...