غریبوں کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والے وعدے پورے نہ کر سکے،منیر سدھو

غریبوں کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والے وعدے پورے نہ کر سکے،منیر سدھو

لاہور (جنرل رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ 16 کروڑ غریب عوام کو اندھیروں سے نکالنے کے وعدوں پر ووٹ حاصل کرنے والے شریف برادران نے گزشتہ اڑھائی برس میں عوام کے درو دیوار روشن کرنے کی بجائے کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا جو وہ عام انتخابات سے قبل الیکشن کمپین میں کھلے عام کرتے رہے اس وقت صرف صوبہ پنجاب میں افسوسناک حد تک بجلی کا شارٹ فال حکومت کی کھلی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی آفس میں دوسرے علاقوں سے ملاقات کیلئے آنے والے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری منیر احمد سدھو نے کہا کہ میاں نوازشریف نے اقتدار میں آنے سے قبل اپنی انتخابی مہم میں بجلی کے منصوبے کو سرفہرست رکھا اور اکثر و بیشتر یہ دعوے کرتے رہے کہ ہم اقتدار میں آکر چھ ماہ میں بجلی کی قلت کا خاتمہ کردیں گے۔ اسی طرح میاں شہباز شریف نے بھی اکثر جلسوں میں جوش خطابت میں آکر یہاں تک کہہ دیا کہ اگر میں نے ایک سال میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا تو میں اپنا نام تبدیل کرلوں گا مگر صد افسوس کے شریف برادران کے یہ دعوے جھوٹے نعروں تک ہی رہے اور وہ حکومتی خزانے کو شیر مادر سمجھتے ہوئے اس پر عیش کر رہے ہیں اور عوام کو درپیش مسائل سے مسلسل پہلوتہی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید پرویز مشرف کا دور اقتدار پاکستانی تاریخ کا بلاشبہ سنہری دور تھا اس وقت نہ تو عوام کو مہنگائی کا رونا تھا اور نہ ہی بجلی‘ گیس کی لوڈشیڈنگ جیسے عفریتوں کا سامنا تھا۔ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنائیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...