قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخ کی جا رہی ہے،ہارون احمد
لاہور(نامہ نگار)صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر وبیت المال پنجاب سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ایسی تمام غیر سرکاری تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخ کی جا رہی ہے جو سرکاری قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں کل 7516 این جی اوز رجسٹرڈ تھیں جن میں سے 505 کی رجسٹریشن سکروٹنی کے بعد منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ ایک ہزارکے خلاف کارروائی جاری ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ منسوخ شدہ رجسٹریشن والی یہ تنظیمیں غیر فعال اورغیرملکی امدادسے چل رہی تھیں جن کی منسوخی ملکی استحکام کے لئے ناگزیر تھی۔
انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں کے خلاف جاری کارروائی میں رجسٹریشن کی منسوخی کے اختیارات ضلعی افسران کے سپردکر دیئے گئے ہیں تا کہ اس عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے اور فعال تنظیموں کی بھرپور معاونت کی جا سکے ۔سید ہارون احمد سلطان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں غیر سرکاری تنظیموں کا کردار قابل قدر ہے ۔ محکمہ سوشل ویلفیئروبیت المال پنجاب این جی اوز کی گرنقدر خدمات سے ہرگزمنکرنہیں تا ہم ملکی سا لمیت کے پیش نظر حفاظتی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ انتہا پسندی جیسے منفی رحجانات کے تدارک اور امن کے قیام میں حکومت پنجاب کو مستقبل میں بھی این جی اوز کا مکمل تعاون حاصل رہے گا ۔