محر م ا لحرام میں ریڈکوڈنافذ کرنیکا فیصلہ عاشورہ پر 7ہزار ریسکیو اہلکار تعینات ہو نگے

محر م ا لحرام میں ریڈکوڈنافذ کرنیکا فیصلہ عاشورہ پر 7ہزار ریسکیو اہلکار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کر ائم سیل) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمر جنسی سرو س(ریسکیو1122 )بریگیڈئیر ریٹائرڈ ڈاکٹر ارشد ضیاء نے محکمہ داخلہ کی ہدایات کے مطابق تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام مجالس اورماتمی جلوسوں کو مکمل ایمرجنسی کور کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اس حوالے سے تمام ریسکیوراہلکاروں کی چھٹیاں محدود کردی گئی ہیں جبکہ 9اور10محرم الحرام کو ریڈکوڈ نافذ کردیاجائے گاجس کے تحت تمام ریسکیورز اور اضلاع ہائی الرٹ رہیں گے۔اس سلسلے میں تمام اضلاع کو محرم الحرام کے حوالے سے تیاری کی فہرستیں جاری کر دی گئی جس میں ان کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہنگامی پلان جمع کروائیں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈز میٹنگ کا انعقاد کریں۔شیعہ مجالس کے نمائندگان سے میٹنگ کریں، امامیہ اسکاؤٹس اور رضا کاروں کی تربیت کا اہتمام کریں اور تمام لائسنس یافتہ اور روایتی مجالس اور جلوسوں کی جگہ کا تعین کریں۔گزشتہ روز ریسکیو 1122ہیڈکوارٹرز میں ریسکیو افسران کی میٹنگ کی صدارت ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر ارشدضیاء نے کی میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر( ایچ آر) ڈاکٹرفواد شہزاد مرزا،پروانشل مانیٹرنگ آفیسرڈاکٹر فرحان خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر (پلاننگ اینڈڈویلوپمنٹ )فہیم قریشی، ڈی ڈی فنانس نعیم مختار، ہیڈ آف آپریشنز پنجاب ایاز اسلم ، ڈسٹر کٹ ایمرجنسی آفیسرلاہور ڈاکٹر احمد رضا اورپراونشل مانیٹرنگ سیل کے دیگرریسکیو افسران نے شرکت کی۔ پروانشل مانیٹرنگ سیل نے ڈائریکٹر جنرل کو بتایاکہ 7000ریسکیواہلکار پنجاب بھرمیں عاشورہ کے دوران اپنی خدمات سرانجام دیں گے ۔ تمام اضلاع میں ایمرجنسی کنٹی جینسی پلان نافذکردیے گئے ہیں اور اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ رابطہ قائم کیا گیاہے، ڈزاسٹرریسپانس فورس لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ ہردم تیاررہے گی اور کسی ضلع میں کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کیلئے بیک اپ سپورٹ فراہم کرے گی۔ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر ارشد ضیاء نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں زخمی یا اموات کی شرح میں اضافہ بھگدڑ سے ہوتاہے اسی لیے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو چاہیے کہ وہ ماتمی جلوسوں اور بڑی مجالس کی صورت میں حالات کاجائز ہ لے کر لوگوں کے بحفاظت انخلاء کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضلعی ایمرجنسی افسران مجالس اور ماتمی جلوسوں کے سائٹ پلان کو خود چیک کریں اور مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں اور کسی بھی کوتاہی کی صورت میں ضلعی ایمرجنسی افسرکو ذمہ دار ٹھہرایاجائے گا۔ اس حوالے سے لاہورمیں 27ایمرجنسی ایمبولینسس، 12فائروہیکلز، 4ریسکیو وہیکلزکے ساتھ الرٹ رہیں گے جبکہ 49موبائل پوسٹیں شہر کی تمام اہم امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے ہمراہ رہیں گی جبکہ اضافی امدادی ٹیمیں کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہر وقت الرٹ رہیں گی ۔مزید برآں تمام موبائل پوسٹیں اور ایمر جنسی ایمبولینسیز اعزاداروں کوبروقت طبی امداد مہیا کرنے کے لیے میڈیکل کٹس کے ساتھ ماتمی جلوسوں کے ہمراہ رہیں گی۔ ایمرجنسی افسران بشمول تربیت یافتہ ڈاکٹرز عاشورہ کے دوران تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

مزید :

علاقائی -