ہینڈ واشنگ ڈے کے موقع پر پلان انٹرنیشنل کے تحت لاہور میں خصوصی تقریب کا انعقاد
لاہور ( پ ر) پاکستان میں ہائی جین اور پبلک ہیلتھ کے فروغ کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم پلان انٹرنیشنل کے زیر اہتمام HUD&PHED ، حکومت پنجاب، واٹر ایڈ اور یونیسف کے اشتراک سے گذشتہ روز ہاتھ صاف کرنے کا عالمی دن منایا گیا۔اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں سکول کے بچوں اور والدین کے علاوہ سول سوسائٹی کی تنظیموں اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی اور آٹھویں عالمی ہینڈ واشنگ ڈے کے پیغام کو عام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر جناب ملک تنویر اسلم تھے۔تقریب کے دیگر شرکا میں پنجاب اسمبلی کے ارکان، متعلقہ صوبائی محکموں کے نمائندگان،لوکل گورنمنٹ اور انٹرنیشنل این جی اوز کے نمائندے بھی شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ ایک ترقی پذیر ملک ہونے کی حیثیت سے ہمیں متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے۔جن پر پورا اترنے کیلئے ہمیں مل جل کر پورے عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری ہائی جین کے برخلاف عادات خاص طور پر صابن سے ہاتھ دھونے میں غفلت ہمیں لاحق ہونے والی بہت سی بیماریوں کی بنیاد ہیں۔خاص طور پر بچوں کی صحت کو اس سے شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈائریا جیسی بیماریوں سے پاکستان میں روزانہ 110 پانچ سال سے کم عمر بچوں کی موت واقع ہوجاتی ہے جبکہ یہ ایسی بیماری ہے جس پر ٹوائلٹ جانے کے بعد اور کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں صابن سے اچھی طرح ہاتھ دھونے کی عادت سے قابو پایا جاسکتا ہے۔تقریب کی مہمان اعزاز پنجاب کی صوبائی وزیر خزانہ محترمہ عائشہ غوث پاشا تھیں جنہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہائی جین کی اہمیت سے انکار نہیں کرسکتے کیونکہ اس پر ہمارے مذہب نے بھی خاص طور پر زور دیا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں ہمارے لیے زیادہ ضروری ہے کہ ہم مشترکہ کوششوں کے ذریعے اپنی آئندہ نسلوں میں ہائی جین کی اہمیت کے شعور کو اجاگر کریں۔یہ کام سکولوں اور کمیونٹیوں میں ہائی جین کے فروغ کیلئے مناسب ماحول پیدا کرکے کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر پلان انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر رشید جاوید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں حکومت پنجاب، واٹر ایڈ، یونیسیف اور ماہرین تعلیم کا ہاتھ دھونے کے کلچر کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں پر خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔یہ بہت حوصلہ افزا امر ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ایک صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے مربوط اور مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔یہ کوششیں صرف اسی صورت میں بارآور ثابت ہوسکتی ہیں اگر ہم ہائی جین کے اصولوں پر عمل کریں ، پینے کے صاف پانی تک رسائی کو بہتر بنائیں اور بہتر سینی ٹیشن کے حصول کو ہر فرد کیلئے ممکن بنائیں۔پلان انٹرنیشنل کے تحت منعقد ہونے والی اس تقریب کے دیگر مقررین نے ملک میں ہائی جین کی عادات کے فروغ کے سلسلے میں پلان انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ تنظیم پاکستان میں ہائی جین اور صحت عامہ کے فروغ کے سلسلے میں اپنی کاوشوں کو جاری رکھے گی۔