پنجاب حکومت کی دیہی روڈز پروگرام مکمل نہ ہونے پر سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سے وضاحت طلب

پنجاب حکومت کی دیہی روڈز پروگرام مکمل نہ ہونے پر سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سے ...

لاہور(شہباز اکمل جندران//انوسٹی گیشن سیل) پنجاب حکومت کی ناراضگی ،30ستمبر تک خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام مکمل نہ ہونے پرسی اینڈڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سے وضاحت طلب کرلی۔ انتظامیہ نے چہیتے انجنئیروں، سپرنٹنڈنٹ انجنئیر ہائی ویز سرکل سرگودھا شفقت علی بٹر، ایکسین روڈ کنسٹرکشن ڈویژن راولپنڈی یونس علی،ایکسین ہائی ویز ڈویژن سیالکوٹ محمد ارشد اور ایکسین ہائی ویز ڈویژن راولپنڈی شفیق الرحمن کو بچاتے ہوئے کارروائی کرنے کی بجائے انہیں 10دن کی مزید مہلت دیدی۔ معلوم ہواہے کہ پنجاب حکومت نے خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت صوبائی محکمہ مواصلات وتعمیرات کو صوبے کے 32اضلاع میں 22سو کلومیٹر طویل 255سٹرکوں کی تعمیر و توسیع کا ٹاسک دے رکھا ہے۔لیکن بدقسمتی سے سی اینڈڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کو اس ٹاسک کے حوالے سے مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔صوبائی سیکرٹری مواصلات وتعمیرات پنجاب نے روڈزریسرچ اینڈٹیسٹنگ لیبارٹری کومنصوبے کے تحت شروع ہونے والی سٹرکوں کی ٹیسٹنگ کے لیے ہدایات جاری کیں توروڈ ریسرچ سٹیشن نے اپریل میں لاہور ، ڈی جی خان، راولپنڈی ، فیصل آباد ، ساہیوال ،گوجرانوالہ ، بہاولپور ، ملتان اور سرگودھا ڈویژنوں میں سب گریڈ ، سب بیس اور بیس کے 3سو 20ٹیسٹ لیے۔جن میں سے صرف 151ٹیسٹ پاس جبکہ 178ٹیسٹ فیل ہوئے۔ ٹیسٹوں میں ناکامی کے بعد ٹھیکیداروں کو قصوروار گردانا گیا۔ اور دو ٹھیکیداروں سعادت رشید انجنئیرز اینڈ کنٹریکٹرز اور شاداب کنسٹرکشن کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے جبکہ چوہدری کنسٹرکشن ، سرور اینڈ کمپنی ، جی کے جی اور شیخ نذر محمد اینڈ کمپنی کے آئندہ اس پروگرام میں حصے لینے پرپابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ البتہ ذمے دار انجنئیروں سے بازپرس نہ کی گئی۔اور نتیجے کے طورپر انجنئیرسست روی سے کام کرتے رہے۔اس دوران صوبائی سیکرٹر ی مواصلات وتعمیرات پنجاب کی ہدایات پر روڈ ریسرچ لیبارٹری زیر تعمیر سٹرکوں کے ٹیسٹ لیتی رہی ۔ جس کے نتیجے میں بیس ، سب بیس ، کمپیکشن اور موٹائی کے ٹیسٹ فیل ہوتے رہے۔لیکن سی اینڈ ڈبلیو کی انتظامیہ نے آنکھیں بند رکھیں۔کہ کسی طرح 30ستمبر کی ڈیڈ لائن گزرنے سے پہلے صوبے میں خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کا فیز ون مکمل ہوسکے ۔ لیکن ایسا پھر بھی نہ ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق وقت مقررہ پر خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کی تکمیل نہ ہونے پر پنجاب حکومت نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔اور بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے سی اینڈڈبلیو سے اس ضمن میں وضاحت طلب کرلی ہے۔ لیکن محکمے نے ایکبار پھر سے چہیتے انجنئیروں سپرنٹنڈنٹ انجنئیر ہائی ویز سرکل سرگودھا شفقت علی بٹر، ایکسین روڈ کنسٹرکشن ڈویژن راولپنڈی یونس علی،ایکسین ہائی ویز ڈویژن سیالکوٹ محمد ارشد اور ایکسین ہائی ویز ڈویژن راولپنڈی شفیق الرحمن کو کو بچاتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے انہیں 10دن کی مزید مہلت دیدی ہے۔

پنجاب حکومت

مزید : صفحہ آخر


loading...