تجویز اور تائید کنندہ کے متعلقہ وارڈز کا ووٹرز نہ ہونے پر مسترد کاغذات منظور کرنیکا حکم
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کے تجویز اور تائید کنندہ کے متعلقہ وارڈز کا ووٹرز نہ ہونے پر مسترد کئے گئے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس عبادالرحمن لودھی نے بلدیاتی امیدواروں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسران نے ایسے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے جن کے تجویز اور تائید کنندہ اس وارڈ کے ووٹرز نہیں تھے، جو قانون کے خلاف ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ریٹرننگ افسر اور اپیلٹ اتھارٹیز لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق12 کو درست طریقے سے نہیں سمجھ سکے،تجویز اور تائید کنندہ کے لئے یونین کونسل کا ووٹر ہونا کافی ہے، وارڈ کا نہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ اس بنیاد پر جتنے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے، انہیں منظور کر کے امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے مسترد کئے گئے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم دے دیا۔