ای او بی آئی کے سابق چیئرمین ظفر گوندل کی ضمانتیں منسوخ
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کی اراضی کو فروخت کرنے والے سابق چیئرمین ظفر گوندل کی ہائیکورٹس سے منظور کردہ 7 مقدمات میں ضمانتیں منسوخ کر دی ہیں۔ 6 مقدمات میں ضمانتیں لاہور ہائی کورٹ نے جبکہ ایک مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت منظور کی تھی۔ جسٹس اعجاز چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے منگل کے روز سماعت کی ۔ اس دوران جسٹس اعجاز چودھری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر کہا کہ ہائی کورٹ کا کام کسی کا ٹرائل کرنا نہیں تھا ۔ ان کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہیں اور یہ مقدمات دوبارہ ان کو ارسال کر رہے ہیں وہ ان کا ازسرنو جائزہ لے کر ضمانتوں بارے فیصلہ کرے ۔ عدالت نے مزید کہا ہے کہ مقدمات کا فیصلہ آئین و قانون کی روشنی میں جلد سے جلد کیا جائے ۔