دکھی انسانیت کی خدمت نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ،شہباز شریف

دکھی انسانیت کی خدمت نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ،شہباز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 قصور( بیورو رپورٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اڑھائی گھنٹے تک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کا غیر اعلانیہ اچانک دور ہ کیا۔ وزیراعلیٰ بغیر پروٹوکول کے عام کوچ میں سفر کر کے ہسپتال پہنچے اور وہاں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گئے ،مریضوں کی عیادت کی اوران سے علاج معالجہ کے بارے میں دریافت کیا ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال ،ٹوائلٹس میں گندگی اورپانی و لائٹس کی عدم دستیابی اوربستروں کی گندگی چادروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی اور ہسپتال میں فوری طورپر صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے ڈی سی او قصور،ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اورای ڈی او ہیلتھ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی آپ سب کی ذمہ داری ہے جو آپ ادا نہیں کرسکے۔مجھے اس ہسپتال کے دورے کے موقع پر طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات پر بہت افسوس ہوا ہے جبکہ وارڈز کی حالت زار دیکھ کردکھ ہوا ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ہسپتال کے دورہ کے موقع پرمیڈیا کے نمائندوں اور مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔حکومت پنجاب ہسپتالوں کی حالت بہتربنانے اورعوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ۔ان وسائل کا درست استعمال نہ ہونا مجرمانہ غفلت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بہتری کیلئے فراہم کیے گئے اربوں روپے کے وسائل کے ثمرات ہر صورت عوام کو ملنے چاہئیں۔معاملات اب اس طرح نہیں چلیں گے ،ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہسپتالوں کے معاملات درست کرنا ہوں گے اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصورکے دورہ کے موقع پر ہسپتال کے وارڈز میں صفائی کی ناقص صورتحال اور ادویات کی عدم دستیابی کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام کی باز پرس ہوگی اور غفلت کے ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے ٹوائلٹس میں گندگی اورپانی و لائٹس کی عدم دستیابی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ ہسپتال میں صفائی کا انتظام ہے اورنہ ٹوائلٹس میں پانی۔مریضوں کیلئے بنیادی سہولتیں میسر نہ ہونا ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی اورباہر سے ادویات منگوانے کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصورمیں منگوائی جانے والی اوراستعمال ہونے والی ادویات کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین کا حکم دیا اور کہا کہ اس ضمن میں غفلت کے ذمہ دار سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوا ہے ،متعلقہ ادارے اورانتظامیہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے تو ہسپتا ل کی ایسی حالت نہ ہوتی۔عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دےئے گئے وسائل کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال میں غریب عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی بروقت فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اورمتعلقہ حکام کو ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں کو بہتر بنانا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ڈی سی او،ایم ایس ہسپتال اورای ڈی او ہیلتھ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر آپ لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔اگر آپ کا کوئی عزیز بیمار ہوتو کیااس ہسپتال میں علاج کرانا پسند کریں گے۔مریضوں اوران کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے شکایات کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں بعض ادویات باہر سے منگوائی جاتی ہیں۔جس پر وزیراعلیٰ نے ڈی سی او کو حکم دیا کہ جن مریضوں نے باہر سے ادویات خرید ی ہیں آپ انہیں فوری طورپر رقم واپس کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کے زخم پر مرہم رکھنا بہت بڑی نیکی ہے جس اجر نہ صرف دنیابلکہ آخرت میں بھی ملتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے وارڈزکے بسروں میں گندی اورآلودہ چادروں پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ ہسپتال کی یہ صورتحال ہے ۔وزیراعلیٰ نے ادویات کے سٹاک کے ریکارڈ کی مکمل چھان بین کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس بارے جلد سے جلد رپورٹ پیش کی جائے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں پاکستان میں ہنگری کے سفیر اسٹوین سزیبو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، زراعت، فوڈ پراسیسنگ، سیاحت، ثقافت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ ہنگری کے سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔اس وقت پنجاب میں انفراسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں کئی غیر ملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں معیشت کے استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں۔پنجاب اور ہنگری کے درمیان زراعت، فوڈ پراسیسنگ، سیاحت، ثقافت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب سمیت پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔سی پیک کے منصوبوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر ہنگری کے سفیر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ موجودہ حکومت نے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ساتھ تجارتی و کاروباری تعلقات بڑھانے کیلئے اقداما ت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری پاکستان کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف بھی دے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ، چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم تھرمل پاور لمیٹڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاںیورپی یونین کے نامزد سفیر جین فرانکوس کوٹین (Mr. Jean Francois Cautain) نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، یورپی یونین کیساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یورپی یونین کے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے ممالک کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات اور تجارتی تعاون موجود ہے۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری میں یورپی یونین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔جین فرانکوس کوٹین نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مشن ہے۔آئندہ اڑھائی برس میں عوامی خدمت کے مشن کو تحریک کی صورت میںآگے بڑھائیں گے۔پنجاب حکومت نے محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے متعدد فلاحی اقدامات کئے ہیں۔پنجاب حکومت نے تمام سماجی پروگراموں کو ایک چھت تلے یکجا کرنے کے لئے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی ہے۔ انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی فلاح کے لئے مستقبل میں بھی اقدامات جاری رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محنت ،امانت اور دیانت کو شعار بنا کر ملک و قوم کی قسمت بدلی جا سکتی ہے۔ حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے شب وروز کوشاں ہے۔ انشاء اللہ ہماری مخلصانہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محنت ،امانت اور دیانت کو شعار بنا لیں تو کوئی پہاڑ بھی منزل کے حصول میں رکاوٹ نہیں بن سکتا اور محنت کا راستہ اپنا کر ہم بھی اس منزل پر پہنچ سکتے ہیں جہاں دنیا کی ترقی یافتہ قومیں کھڑی ہیں۔ ملاقات کرنے والوں میں ایم پی ایز آزاد علی تبسم، اصغر منڈا، خرم چٹھہ اور عارف سندھیلہ شامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -