آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا آج ملیں بند رکھنے کا اعلان

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا آج ملیں بند رکھنے کا اعلان

 لاہور (کامرس رپورٹر)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے آج ملک بھر میں انڈسٹری بند رکھنے کا اعلان کر دیا ۔ ملک بھر میں چار سو سے زائد ملز آج صبح نو بجے سے لیکر شام چار بجے تک بند رکھی جائیں گی جس کے باعث لاکھوں مزدور بے روز گار رہیں گے ۔ آپٹما نے حکومت کی جانب سے مسائل حل نہ کئے جانے پر آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت علامتی طور پر ملز بند رکھی جائیں گی ۔ آپٹما پنجاب کے چیرمین عامر فیاض نے گزشتہ روز دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ستمبر میں مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن کچھ نہیں کیا گیا ۔ انڈسٹری بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ، بے پناہ ٹیکسز کا نفاذ اور بھارت سے کپڑے اور دھاگے کی درآمد کے باعث تباہی کے دہانے پر آ گئی ہے ۔35 ملز مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں 50 فیصد ملز میں صرف دو شفٹ چل رہی ہیں اگر حکومت نے انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کے لئے فوری طور انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کے لئے ریلیف پیکج کا اعلان نہ کیا تو انڈسٹری مکمل تباہ ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدت میں 21 فیصد کمی ہو چکی ہے حکومت ملک کو قرضوں میں جکڑنے کے بجائے زرمبادلہ کمانے والی انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...