مٹی کا تودہ گرنے سے 3خواتین 7بچوں سمیت 13افراد جاں بحق

مٹی کا تودہ گرنے سے 3خواتین 7بچوں سمیت 13افراد جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں رات گئے پہاڑی تودہ گرنے سے 7بچوں اور 3خواتین سمیت 13افراد جاں بحق ،ایک شخص معجزانہ طور پر بچ گیا ،مٹی کا تودہ تین کچی جھگیوں پر گرا جن میں 14افراد قیام پزیر تھے،جاں بحق 8 افرادکاتعلق منڈی یزمان اور5کاتعلق رحیم یارخان سے ہے ،صوبائی حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا،وزیر اعظم نواز شریف کا انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار۔تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب رات دو بجے کے قریب کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں تین جھگیوں پر قریب پہاڑی تودہ گرنے سے سات بچوں اور تین خواتین سمیت 13افراد جاں بحق ہو گئے ، تین جھگیوں میں چود افراد رہائش پذیر تھے ، ایک شخص معجزانہ بچ گیا ، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسیکو کاررمیں حصہ لیا ، رینجز اہلکاروں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ، واقعہ کے بعد کمشنر کراچی شعیب صدیقی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ، کمشنر کی ہدایت کے باوجود کے ایم سی سمیت دیگر اداروں کا عملہ بر وقت نہ پہنچ سکا ، تاخیر کے سبب 13انسانی جانوں کا ضیا ع ہوا ۔ ایس ایس پی ایسٹ جاوید جسکانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ زمینوں کی قبضے کی شکایتیں بھی ہیں تحقیقات کے بعد پتا چلے گا کہ واقعہ حادثہ ہے یا تخریب کاری ، حادثہ والی جگہ چائنہ کٹنگ میں بھی شامل ہے ، ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے ۔ جاں بحق 8کاتعلق منڈی یزمان جبکہ5کاتعلق رحیم یارخان سے ہے۔ مرحومین کی میتیں آبادئی علاقوں کوروانہ کردی گئیں۔منڈی یزمان اوررحیم یارخان سے نامہ نگاراور ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطا بق عرصہ7,6سال قبل اسلامی کالونی چک4 ڈی این بی ہیڈراجکاں کے 8افرادمنیر، حسین عرف جوبہ، نسرین مائی زوجہ منیرحسین،بیٹیاں7 سالہ سائرہ بتول، 6سالہ ضرارہ بتول، خورشید عباس، فاطمہ بتول زوجہ خورشید عباس،4سالہ ایان عباس اور 3سالہ آزان عباس کراچی کے علاقہ چائنہ کٹنگ کے بلاک نمبر1میں محنت مزدور ی کیلئے رہائش پذیر تھے کہ اچانک پہاڑی تودہ گرنے سے تمام افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ سانحہ کی خبرملتے ہی گھروں میں کہرام مچ گیا اورپورے علاقہ کی فضاء سوگوار ہوگئی۔ متوفیان کی میتیں آج انکے آبائی گاؤں اسلامی کالونی چک4ڈی بی ،ہیڈراجکاں کاامکان ہے۔ جہاں نمازجنازہ کے بعدانہیں سپردخاک کردیاجائیگا۔ علاوہ ازیں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے5کا تعلق رحیم یارخان کے نواحی علاقہ موضع موری سے تھا محمد فرید اپنی بیوی ریحانہ ،بیٹیوں مقدس،صدف اور بیٹے محمداحمد کے ہمراہ رہائش پذیر تھا ۔ ہلاک ہونے والے 3کمسن بچوں اور میاں بیوی کی نعشیں تدفین کیلئے آبائی علاقہ روانہ کردی گئی ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے ان افرادکی نماز جنازہ آج دن10بجے آبائی علاقہ میں پڑھائی جائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے تودہ گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی ہر ممکن مدد اور زخمیو ں کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور ان کے لیے دعائے مغرفت بھی کی ۔وزیر اعظم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔