محرم الحرام ،گورنر سندھ کا سکیورٹی کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ

محرم الحرام ،گورنر سندھ کا سکیورٹی کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کا دورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے منگل کو صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے ہمراہ محرم الحرام کی سیکیورٹی کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس اور سوک سینٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز کا دورہ کیا اور سر ویلنسز کیمروں کے نظام کا تفصیلی جائزہ بھی لیا ۔گورنرسندھ نے کراچی الیکٹرک کمپنی کے حکام کو ہدایت کی کہ سینٹرز کو بلا تعطل بجلی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سرویلنسز سینٹر ز کو کو ئک رسپانس فورس کے ساتھ منسلک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ گورنر سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ جب سینٹرل پولیس آفس پہنچے تو انھیں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ بعد ازاں گورنر سندھ سینٹرل پولیس آفس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر گئے جہاں انھیں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سندھ پولیس نے کراچی کے 538 مقامات پر 2278 سرویلنس کیمرے نصب کئے ہیں اس ضمن میں 2008 ء میں 66 مقامات پر 168 کیمرے ، 2011 ء میں 40 مقامات پر 200 کیمرے ، 2012 ء میں 155 مقامات پر 775 کیمرے ، 2014 میں 232 مقامات پر 910 کیمرے اور 2015 ء میں 45 مقامات پر 225 سرویلنس کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ امسال شہر میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی کے لئے حسا س مقامات ، جلوس کی گذرگاہوں اور دیگر مقامات پر سر ویلنسز کیمرے لگا کر نگرانی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 8 محرم الحرام کے روز جلوس کی گذرگاہوں کی نگرانی کے لئے 66 مقامات پر 234 کیمرے لگائے گئے ہیں 9 محرم الحرام کے لئے 66 مقامات پر 246 اور 10 محرم الحرام کے روز جلوسوں کی نگرانی کے لئے شہر کے 69 مقامات پر 246 کیمرے لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس نے 2015 ء میں 160 سر ویلنسز کیمروں کو اپ گریڈ کیا سینٹر سے پورے کراچی کی نگرانی کی جارہی ہے ، محرم الحرام کے حوالے سے ایم اے جناح روڈ سے نشتر پارک تک مرکزی جلوس کی گذرگاہوں پر خصوصی انتظامات کو فوقیت دی گئی ہے اور جہاں ضرورت ہو گی وہاں مزید کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔اس موقع پر گورنر سندھ نے ہدایت دی کہ شہر میں کئی مقامات پر شہریوں نے بھی حفاظتی کیمرے نصب کئے ہوئے ہیں ان کا ریکارڈ مرتب کیا جائے جس پر متعلقہ حکام نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ اس ضمن میں بہت جلد ایک فہرست مرتب کرلی جائے گی ۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں گورنر سندھ کو نقشوں کی مدد سے شہر میں سر ویلنسز کمیروں کے بچھائے گئے جال کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا ۔ گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سینٹرل پولیس آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو سوک سنیٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک کیا جائے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...