کراچی کے شہری تحریک انصاف کے پلیٹ فارم پر متحدہیں ،علی زیدی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے آرگنائزر علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم پر متحد ہو رہے ہیں۔شہر بھر سے سیاسی و سماجی کارکنان تحریک انصاف میں جوق در جوق شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔تحریک انصاف کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے عملی سیاسی جدو جہد کر رہے ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز’’ انصاف ہاؤس‘‘ نر سری میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر بلدیہ ٹاؤن سے مسلم لیگ ن ضلع غربی کے سینئر نائب صدر و سابق نائب ناظم محمد عمر خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔علی زیدی نے محمد عمر خان اور ان کے ساتھیوں کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دی ۔در اثنائپاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے آرگنائز ر علی زیدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کراچی شہر کے مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی انتخابات میں دیانت دار اور محب وطن امیدواروں کو نامزد کریں گے ۔تحریک انصاف نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر شہر کی 93فیصد نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے اپنی اسکروٹنی کے موقع پر ڈی سی ایسٹ کے دفتر کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر دوا خان صابر، رفاقت عمر، ساجد حسین، امجد جاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔علی زیدی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کراچی شہر کے مسائل کے حل کے لئے ایک جامع اور مربوط پروگرام رکھتی ہے۔اور انشاء اللہ بہت جلد ایک اہم پریس کانفرنس کے ذریعے ہم کراچی پیکج کا اعلان کریں گے۔ اور کراچی کے مسائل کا حل پیش کریں گے۔ تحریک انصاف لسانیت اور فر قہ واریت سے بالا تر ہو کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاسی جدو جہد کر رہی ہے۔ شہر سے ظلم اور بربریت کی داستانیں مٹانے کے لئے تحریک انصاف بھر پور انتخابی مہم چلائے گی ۔اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب شہر کراچی میں انصاف کا سورج طلوع ہو گا اور کراچی کا میئر تحریک انصاف کا کارکن ہوگا۔