مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام بند کیا جائے، سید صلاح الدین
کراچی(اسٹاف رپورٹر) فلسطین ایکشن کمیٹی پاکستان کے صدر سید صلاح الدین اور جنرل سیکریٹری قاسم جمال نے غزہ میں ایک بار پھر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ اور معصوم فلسطینیوں کے قتل عام پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یکم اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی فوج کی جاری پرتشدد کاروائیوں میں اب تک 21 فلسطینی مسلمان شہید اور گیارہ سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف برسر جنگ فلسطینیوں کی انتفاذ القدس کے نام سے تحریک کو کچلنے کیلئے اسرائیلی اور امریکہ سازشیں کررہے ہیں۔ جمعہ اور ہفتہ کے روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو بچوں سمیت چھ فلسطینی مسلمان شہید ہوئے اور بیس سے زائد زخمی ہوئے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے فلسطین پر حالیہ پرتشدد واقعات میں اسرائیل کی مذمت کرنے کے بجائے فلسطینیوں پر ہی ذمہ داری عائد کی ہے۔ جوکہ ظلم کے مترادف ہے۔